Featured Post

Khalid001

22 March 2020

Khalid120


شمشیر بے نیام

سیدنا خالد بن ولیدؓ کی حیات پر عنایت اللہ التمش کے قلم سے لا زوال تحریر

قسط نمبر:  120
ہرقل نے ان عورتوں کی محض دل جوئی نہیں کی تھی، مؤرخ لکھتے ہیں کہ وہ شکست تسلیم کرنے والا جنگجو تھا ہی نہیں، اور وہ شہنشاہ بعد میں اور سپاہی پہلے تھااور وہ اپنے دور کا منجھا ہوا جرنیل تھا۔یہ کہنا غلط نہیں کہ وہ خالدؓ کی ٹکر کا جرنیل تھا اور جنگی چالوں میں اس کی مہارت کا انداز اپنا ہی تھا۔
اگر وہ صرف شہنشاہ ہوتا تو اپنی سواری کے راستے میں ان عورتوں کی رکاوٹ کو برداشت نہ کرتا۔ انہیں سزا دیتا لیکن اس نے ان عورتوں سے حوصلہ لیا اور ان کا حوصلہ بڑھایا۔
اس نے یہ بھی محسوس کیا تھا کہ کسی طرف سے شکست کی اور اس کی فوج کی پسپائی کی اطلاع آتی تھی تو اس کے حکام اس کے سامنے آنے سے گریز کرتے تھے۔ایسا ہی ایک موقع تھا کہ اس کا ایک سالار جو مشیر کی حیثیت سے اس کے ساتھ رہتا تھا۔اس کے سامنے گیا۔اس سالار کے چہرے پر مایوسی کا جو تاثر تھا وہ ہرقل نے بھانپ لیا۔
’’کیا ہے؟‘‘ … ہرقل نے پوچھا۔
’’مرج الدنیاج سے قاصد آیا ہے۔‘‘ … سالار نے کہا۔
’’تو کہتے کیوں نہیں کہ وہ ایک اور پسپائی کی خبر لایا ہے۔‘‘ … ہرقل نے جوشیلے لہجے میں کہا۔ … ’’اپنے دلوں سے میرا خوف نکالتے کیوں نہیں؟شکست اور پسپائی کے نام سے گھبراتے کیوں ہو؟ … بولو؟‘‘
’’ہاں شہنشاہ!‘‘ … سالار نے کہا۔ … ’’قاصد پسپائی کی خبر لایا ہے … اور وہاں سے بھاگے ہوئے سپاہی یہاں آنا شروع ہو گئے ہیں۔‘‘
’’آنے دو انہیں!‘‘ … ہرقل نے ایسے لہجے میں کہا جس میں غصہ نہیں تھا، اور اس کے لہجے میں شاہانہ جلال بھی نہیں تھا۔ … ’’ان کا حوصلہ بڑھاؤ، کوئی انہیں شکست اور پسپائی کا طعنہ نہ دے۔یہی سپاہی شکست کو فتح میں بدلیں گے۔‘‘
’’سپاہیوں کا حوصلہ تو بحال ہو جائے گا۔‘‘ … سالار نے کہا۔ … ’’لیکن لوگوں کا حوصلہ ٹوٹتا جا رہا ہے۔لوگ مسلمانوں کو جنات اور بھوت سمجھنے لگے ہیں، ایسی افواہیں پھیل رہی ہیں جو لوگوں کو بزدل بنا رہی ہیں۔‘‘
’’جانتے ہو یہ افواہیں کون پھیلا رہا ہے؟‘‘ … ہرقل نے کہا۔ … ’’ہمارے اپنے سالار، کماندار، اور سپاہی۔ یہ ظاہر کرنے کیلئے کہ وہ تو بے جگری سے لڑتے تھے لیکن ان کا مقابلہ جنات سے ہو گیا۔‘‘
’’شہنشاہِروم!‘‘ … سالار نے کہا۔ … ’’مسلمانوں کی کامیابی کی ایک اور وجہ بھی ہے … ہمارے جس شہر کے لوگ ان سے صلح کا معاہدہ کرلیتے اور جزیہ ادا کرتے ہیں، ان کے ساتھ مسلمان بہت اچھا سلوک کرتے ہیں۔ان کی عورتوں اور ان کی جوان لڑکیوں کی طرف آنکھ اٹھا کر بھی نہیں دیکھتے۔ان کی جان و مال کی حفاظت کرتے ہیں، ان کے مذہب کا بھی احترام کرتے ہیں، یہ خبریں سارے علاقے میں پھیل جاتی ہیں، اس کا اثر یہ ہوتا ہے کہ دوسری جگہوں کے لوگ بھی فوج کا ساتھ چھوڑ دیتے اور اسے صلح پر مجبور کردیتے ہیں …  اس کا کوئی علاج ہونا چاہیے۔‘‘
’’اس کا علاج صرف یہ ہے کہ مسلمانوں کو فیصلہ کن شکست دے کر ہمیشہ کیلئے ختم کردیا جائے۔‘‘ … ہرقل نے کہا۔ … ’’ اور اس کا بندوبست ہو رہا ہے۔‘‘
…………bnb…………


ابوالقدس میں ہرقل کو جو چوٹ پڑی تھی، اس نے اسے جھنجھوڑ ڈالا تھا۔اسے اس معرکے کی تفصیلی اطلاع ملی تھی، ابو عبیدہؓ ایک غلطی کر بیٹھے تھے۔رومی خوش تھے کہ مسلمانوں کا ایک دستہ تو پھندے میں آیا لیکن خالدؓاور ضرار نے بروقت پہنچ کر نہ صرف رومیوں کا پھندہ توڑ ڈالا تھا، بلکہ انہیں ناقابل تلافی جانی نقصان پہنچا کر مالِ غنیمت سے مالامال ہو کر لوٹے تھے۔
ہرقل کو مسلمانوں کی برق رفتاری نے پریشان کر دیا تھا۔اس نے دیکھا تھا کہ مسلمانوں کی فوج ایک سے دوسری جگہ حیران کن تیزی سے پہنچتی تھی اور میدانِ جنگ میں سالاروں کی جنگی چالوں پر ان کے دستے بہت ہی تیزی سے جگہ بدلتے اور چالوں کو کامیاب کرتے تھے۔
اس کے بعد تو جیسے ہرقل نے راتوں کو سونا بھی چھوڑ دیا تھا۔ اس نے اسی روز اپنی سلطنت کے دور دراز گوشوں تک قاصد دوڑا دیئے تھے۔اس نے حکم یہ بھیجاتھا کہ زیادہ سے زیادہ فوجی دستے انطاکیہ بھیج دیئے جائیں، وہ سلطنت کی تمام تر فوج تو اکٹھی نہیں کر سکتا تھا، ہر جگہ فوج کی ضرورت تھی۔اس نے اتنے دستے مانگے تھے جن کے آجانے سے کسی بھی جگہ کا دفاع کمزور نہیں ہوتا تھا۔
جن علاقوں سے دستے آئے، ان میں شمالی شام، یورپ کے چند شہر، اور جزیرے شامل تھے۔ہرقل نے اپنے حکم میں کہا تھا کہ دستے بہت تیزی سے آئیں۔جب یہ آنے لگے تو ان میں سے بعض کو انطاکیہ میں رکھا گیا اور دوسروں کو دریائے اردن کے مغربی کنارے سے ذرا ہی دور ایک مقام بیسان پر بھیج دیا گیا۔
ہرقل نے اپنے مشیروں اور سالاروں کو بلایا۔ ان میں سقلار، شنس، اور تھیوڈورس خاص طور پر قابلِ ذکر تھے ان تینوں کو محاذوں سے بلایا گیا تھا۔ہرقل نے ان سب کو بتایا کہ مسلمانوں کو فیصلہ کن شکست دینے کیلئے اس نے کیا بندوبست کیا ہے اور سالاروں نے کیا کرنا ہے۔
’’تم نے دیکھ لیا ہے کہ مسلمان کس طرح لڑتے ہیں۔‘‘ … اس نے کہا۔ … ’’شکست اور پسپائیوں سے تمہیں بد دل نہیں ہونا چاہیے۔ان سے تمہیں تجربہ حاصل ہوا ہے۔اگر تم نے کچھ نہیں سیکھا تو تمہارے لیے یہی اک راستہ ہے۔ جاؤ اور مسلمانوں کی اطاعت قبول کرلو۔ قیصرِ روم کی عظمت کو مسلمانوں کے قدموں میں ڈال دو اور صلیب کو بحیرہ روم میں پھینک کر مسلمانوں کے مذہب میں داخل ہو جاؤ۔تمہیں اپنی جانیں اپنی بیویاں اور اپنے مال و اموال زیادہ عزیز ہیں۔اسی کانتیجہ ہے کہ عرب کے لٹیروں کا ایک گروہ تمہیں شکست پہ شکست دیتا چلاجا رہاہے۔‘‘
سب پر سناٹا طاری ہو گیا۔ہرقل کی نگاہیں ہر ایک پر گھوم گئیں۔
’’شہنشاہِ روم!‘‘ … اس کے سالار تھیوڈورس نے سکوت توڑا۔ … ’’ہم پیچھے ہی نہیں ہٹتے آئیں گے۔میں اپنے متعلق کہہ سکتا ہوں کہ میں آپ کے سامنے زندہ آیا تو شکست کھاکر نہیں آؤں گا۔اگر میں نے شکست کھائی تو میری لاش بھی یہاں نہیں آئے گی۔‘‘
اس ایک سالار کے بولنے سے نہ صرف سناٹا ٹوٹا بلکہ سب میں جو تناؤ پیدا ہو گیا تھا وہ بھی ٹوٹ گیا۔سب نے ہرقل کو یقین دلایا کہ انہیں سلطنت روم سے زیادہ اور کوئی چیز عزیز نہیں ۔
’’میں نے مسلمانوں کو یہیں پر ختم کرنے کیلئے جو بندوبست کیا ہے وہ ناکام نہیں ہو سکتا۔‘‘ … ہرقل نے کہا۔ … ’’اب تک ہماری فوج مختلف جگہوں پر بٹ کر لڑتی رہی ہے۔ ایک جگہ سے ہمارے فوجی بھاگے تو انہوں نے دوسری جگہ جاکر وہاں کے دستوں میں بددلی پھیلائی اور اپنے آپ کوشکست کے الزام سے بچانے کیلئے ایسی باتیں کیں جن سے وہاں کے دستوں پر مسلمانوں کی دہشت بیٹھ گئی۔اب میں فوج کو یکجا کرکے لڑاؤں گا۔…‘‘
’’… تم نے دیکھا ہے کہ میں نے کہاں کہاں سے دستے منگوائے ہیں اور کس قدر لشکر جمع ہو گیا ہے۔میری نظر دمشق پر ہے لیکن ہم دمشق پر حملہ نہیں کریں گے نہ اس کا محاصرہ کریں گے۔ہم دمشق سے دور چھوٹی چھوٹی لڑائیاں زیادہ نفری کے دستوں سے لڑاکر مسلمانوں کے رسد کے وہ راستے بند کردیں گے جو عرب سے دمشق کو جاتے ہیں۔ ہم دمشق میں یا اس کے گردونواح میں کوئی لڑائی نہیں لڑیں گے، بلکہ مسلمان تنگ آکر لڑنا بھی چاہیں گے تو ہم انہیں نظر انداز کریں گے۔ہم ان کے لئے ایسے حالات پیدا کردیں گے کہ وہ لڑنے کے قابل رہ ہی نہیں جائیں گے۔انہیں نہ کہیں سے رسد پہنچ سکے گی نہ کمک۔شہر کے لوگ ہی قحط سے تنگ آکر انہیں شہر چھوڑنے پر مجبور کردیں گے۔اگر وہ دمشق سے نکل گئے تو ہم کہیں بھی ان کے قدم جمنے نہ دیں گے۔یہ بھی خیال رکھو کہ ہماری فوجوں کا اجتماع ایسے خفیہ طریقہ سے ہو رہا ہے کہ مسلمانوں کو اس کی خبر تک نہیں ہو گی۔‘‘
…………bnb…………


ہرقل کا تو خیال تھا کہ اس کے لشکر کا اجتماع خفیہ رکھا گیاہے لیکن مسلمانوں کے سالارِ اعلیٰ ابو عبیدہؓ کے ساتھ خالدؓتھے۔خالدؓ نے نہایت مضبوط اور تیز جاسوسی نظام ترتیب دیا تھا۔ابو عبیدہؓ نے خالدؓ بن ولید کو سوار دستے کا سالار بنا رکھا تھا اور اس کے ساتھ ہی انہیں اپنا مشیر بھی سمجھتے تھے۔مؤرخوں کے مطابق ابو عبیدہؓ سالاری کی مہارت رکھتے تھے اور جنگی امور کو بھی پوری طرح سمجھتے تھے لیکن ان میں وہ تیز رفتاری نہیں تھی جو خالدؓ میں تھی۔خالدؓ اپنے فیصلوں میں بڑے خوفناک قسم کے خطرے بھی مول لے لیا کرتے تھے۔اس کے برعکس ابو عبیدہؓ احتیاط کے قائل تھے۔اپنی اس عادت کو سمجھتے ہوئے انہوں نے خالدؓ کو ہر لمحہ اپنے ساتھ رکھا۔وہ کوئی بھی منصوبہ بناتے یا فیصلہ کرتے تھے تو اس میں خالدؓ کے مشوروں کو خاص طور پر شامل کیاکرتے تھے۔
خالدؓ جاسوسی اور دیکھ بھال کے نظام پر زیادہ توجہ دیاکرتے تھے۔اب یہ ان کی ذمہ داری نہیں رہی تھی کیونکہ یہ ذمہ داری سالارِ اعلیٰ کی تھی، اور خالدؓدوسرے سالاروں کی طرح ایک عام سالار تھے، لیکن اپنی معزولی کے باوجود وہ اپنے فرائض سے بے انصافی گوارا نہیں کرتے تھے۔انہوں نے جاسوسی کے نظام پر پہلے کی طرح توجہ دیئے رکھی۔اسی کا نتیجہ تھا کہ مسلمان جاسوس رومیوں کی سلطنت کے اندردور تک چلے گئے تھے۔
ایک روز ایک جاسوس آیا۔وہ بہت دور سے آیا تھا۔اس نے بتایا کہ رومیوں کاایک لشکر بحیرہ روم کے راستے کشتیوں پر آیا ہے۔اس جاسوس نے اپنے ان جاسوسوں سے رابطہ کیا جو اور آگے تک گئے ہوئے تھے۔وہ ان سب کی اطلاع لے کر بڑی ہی تیز رفتار سے دمشق پہنچااور یہ اطلاع دی کہ رومیوں نے کم و بیش ایک لاکھ نفری کا لشکر دریائے اردن کے مغرب میں جمع کر لیا ہے۔
تاریخ کے مطابق بیسان کے مقام پر دسمبر ۶۳۴ء کے آخری اور ذیعقد ۱۳ ھ کے پہلے ہفتے میں رومیوں کی فوج کا یہ اجتماع ہوا تھا۔جاسوس نے اپنے اندازے کے مطابق اس لشکر کی تعداد ایک لاکھ بتائی تھی اصل میں رومی فوج کی تعداد اسّی ہزار تھی۔
اتنی بڑی تعداد اکٹھی کرنے کا مطلب یہی لیا جا سکتا تھا کہ رومی بہت بڑی جنگی کارروائی کرنا چاہتے ہیں۔سالارِ اعلیٰ ابو عبیدہؓ نے اپنے سالاروں کو بلایا۔
’’میرے عزیز ساتھیو!‘‘ … ابو عبیدہؓ نے سالاروں سے کہا۔ … ’’تم پر اﷲکی رحمت ہو۔شکر ادا کرو اﷲکی ذاتِ باری کا جس نے ہمیں ہر میدان میں فتح عطا کی … میں تمہیں احساس دلانا چاہتا ہوں کہ ہم اتنی دور نکل آئے ہیں جہاں سے ہماری واپسی ناممکن ہو گئی ہے۔ا ﷲنے ہمیں بہت سخت امتحان میں ڈالا ہے۔اگرہم اس امتحان میں پورے اترے تو یہ ایک روایت بن جائے گی جو ہمارے آنے والی نسلوں کیلئے مشعلِ راہ بنے گی۔مت بھولنا کہ ہم نہ مالِ غنیمت کیلئے لڑ رہے ہیں، نہ ہمارا مقصد اقتدار ہے۔ اﷲاور اسکے رسول (ﷺ) نے ہمیں بنی نوع انسان کو ظلمت اور غلامی سے نجات دلانے کا فرض سونپا ہے،اب دشمن نے ہمارے سامنے دیواریں کھڑی کر دی ہیں۔…‘‘
’’… رومی کم و بیش ایک لاکھ کا لشکر لے کر آئے ہیں۔اس سے ان کے عزائم کا پتہ چلتا ہے۔جہاں تک میں سمجھ سکا ہوں اور یہی ہو سکتا ہے کہ رومی دمشق پر حملہ کریں گے۔اگر دمشق ہمارے ہاتھ سے نکل گیا تو پھر کہیں قدم جمانا ہمارے لیے مشکل ہو جائے گا۔دشمن نے بحیرہ روم سے انطاکیہ، بیروت اور ایک دو اور بندرگاہوں پر یورپ سے فوج لا اتاری ہے۔ہمیں سب سے پہلے دمشق کے دفاع کو مضبوط کرنا ہے لیکن ہم ایک ہی جگہ پر جمع نہیں ہو جائیں گے۔‘‘
’’ہماری تعداد اس وقت کتنی ہوگی؟‘‘ … ایک سالار نے پوچھا۔
ابو عبیدہؓ نے خالدؓکی طرف دیکھا۔
’’ہماری تعداد پہلے سے کچھ زیادہ ہو سکتی ہے۔‘‘ … خالدؓ نے کہا۔ … ’’پچھلی لڑائیوں میں جو مجاہدین زخمی ہوئے تھے وہ الحمدﷲصحت یاب ہوکرواپس آچکے ہیں۔ میرے اندازے کے مطابق ہماری نفری تیس ہزار تک ہو جائے گی۔ہمیں ایک سہولت اور حاصل ہو گئی ہے وہ یہ ہے کہ مجاہدین نے کافی آرام کر لیا ہے۔‘‘
ابو عبیدہؓ نے اور خالدؓ نے مل کر منصوبہ تیار کیا کہ رومیوں کے اس لشکر کا مقابلہ کس طرح کیا جائے گا۔امیر المومنین عمرؓ نے محاذ پرلڑنے والے سالاروں پر یہ پابندی عائد کر دی تھی کہ کسی بڑی جنگ کا منصوبہ بنا کر ان سے منظور کرایا جائے۔عمرؓ غیر معمولی فہم و فراست کے مالک تھے۔بعض جگہوں کی پلاننگ وہ خود مدینہ بیٹھ کر کرتے اور محاذ کو بھیجتے تھے۔ابو عبیدہؓ نے اس پابندی کے مطابق ایک تیز رفتار قاصد مدینہ کو روانہ کر دیا۔ اسے جو پیغام دیا گیا اس میں نئی صورتِ حال لکھی گئی تھی اور مجوزہ منصوبہ بھی تحریر تھا۔
وقت بہت تھوڑا تھا۔دشمن بے تحاشا نفری ساتھ لایا تھا۔کچھ کہا نہیں جا سکتا تھا کہ کس لمحے وہ کیا کارروائی شروع کرد ے، لیکن مسلمانوں نے پیغام رسانی کا نظام اتنا تیز اور محفوظ بنا رکھا تھا کہ تھوڑے سے وقت میں دور کے فاصلے پر پیغام پہنچ جاتا تھا۔
امیرالمومنینؓ نے صورتِ حال اور منصوبے کا جائزہ لیا۔اس میں کچھ ردوبدل کیا، اور منصوبے کی منظوری دے دی، یزیدؓ بن ابی سفیان دمشق میں تھے،وہ سالار بھی تھے اور دمشق کے حاکم بھی۔انہیں پیغام بھیجا گیا کہ دشمن کیا صورتِ حال پیدا کر رہا ہے،اور وہ بدستور دمشق میں رہیں۔انہیں یہ ہدایت بھی دی گئی کہ دمشق کے شمال مغرب پر جاسوسوں کی دیکھ بھال کرنے والے آدمیوں کے ذریعہ نظر رکھیں کیونکہ توقع یہی ہے کہ رومی ادھر سے حملہ کریں گے۔
سالار شرحبیلؓ بن حسنہ اپنے دستوں کے ساتھ اس علاقے میں تھے جس میں بیسان اور فحل واقع تھے۔خلیفہ عمرؓ نے خاص طور پر لکھا تھا کہ سالار شرحبیلؓ بن حسنہ کو اس جنگ کیلئے سالار مقرر کیا جائے جس کی رومی تیاری کر کے آئے ہیں۔خالد کو اس فوج کے ہراول دستے کی سالاری سونپی گئی تھی۔جنوری ۶۳۵ء کے دوسرے ہفتے میں ان دستوں نے جن کی تعداد تقریباً تیس ہزار تھی، کوچ کیا۔انہیں بیسان سے کچھ دور فحل کے مقام تک پہنچنا تھا۔یہ دستے جب فحل پہنچے تو دیکھا کہ وہاں رومی فوج نہیں تھی۔ وہاں روم کی پوری فوج کو نہیں ہونا چاہیے تھا۔ خبر ملی کہ چند ایک دستے وہاں موجود ہیں لیکن یہ دستے جا چکے تھے۔وہاں کے مقامی لوگوں نے بتایا کہ رومیوں کے دستے بیسان چلے گئے ہیں جہاں ان کے پورے لشکر کا اجتماع ہے۔
مسلمان آگے بڑھنا چاہتے تھے لیکن دریاکے دونوں طرف دور دور تک دلدل تھی، جس میں گزرنا ممکن نہیں تھا۔بعض مؤرخوں نے لکھا ہے کہ یہ دلدل دریا کے دونوں کناروں سے لے کر ایک ایک میل دور تک پھیلی ہوئی تھی۔یہ علاقہ سطح سمندر سے کئی سو فٹ نیچیے اور وہاں اُس دور میں نشیب زیادہ تھے۔
دیکھاگیا کہ وہاں دریاکے کنارے ٹوٹے ہوئے نہیں تھے پھر یہ پانی کہاں سے آگیا تھا جس نے اس نشیبی علاقے کو دلدل بنا ڈالا تھا؟
’’کچھ دور اوپر جا کر دیکھیں۔‘‘ … اک مقامی آدمی نے بتایا۔ … ’’فحل میں رومی فوج کے دستے رہتے تھے۔وہ یہاں سے چلے گئے۔اوپر کی طرف جا کر انہوں نے دریا میں پتھروں کا بند باندھا اور دونوں کنارے توڑ دیئے۔اس طرح اوپر سے یہ پانی یہاں آکر جمع ہو گیااور پھیلتا چلا گیا۔‘‘
رومیوں نے مسلمانوں کو روکنے کا بڑا سخت انتظام کیا تھا۔رومیوں نے غالباً یہ سوچا تھا کہ مسلمان صحرا میں یا میدان میں چلنے اور لڑنے کے عادی ہیں اور وہ دلدل میں سے نہیں گزرسکیں گے۔
اگر انہوں نے یہ سوچا تھا تو بالکل ٹھیک سوچا تھا۔دلدل مسلمانوں کیلئے بالکل نئی چیز تھی۔ان کیلئے تو چٹانیں اور پہاڑیاں بھی نئی چیز تھیں۔لیکن انہوں نے پہاڑی علاقوں میں بھی لڑائیاں لڑی تھیں اور دشمن کو شکست دی تھی۔وہ دلدل میں سے بھی گزر جاتے لیکن ان کے پاس اتنا وقت نہیں تھا۔
…………bnb…………
ہر قسط کے آخر میں اپنی قیمتی آراء سے مستفید فرمائیں۔

No comments:

Post a Comment

Post Top Ad

Your Ad Spot

Pages