Featured Post

Khalid001

22 May 2019

Khalid013


شمشیر بے نیام

سیدنا خالد بن ولیدؓ کی حیات پر عنایت اللہ التمش کے قلم سے لا زوال تحریر

قسط نمبر:  13
وہ 7 مارچ 627ء کا دن تھا۔جب ابو سفیان نے پریشان ہو کر کہا کہ ’’حُیَیّ بن اخطب کو بلاؤ۔‘‘ ا سکی پریشانی کا باعث یہ تھا کہ دس دنوں میں ہی اس کے لشکر کی خوراک کا ذخیرہ بہت کم رہ گیا تھا۔ سپاہیوں نے قرب و جوار کی بستیوں میں لوٹ مار کر کہ کچھ خوراک تو حاصل کر لی تھی لیکن اس ریگزار میں لوگوں کے گھروں میں بھی خوراک کا کوئی ذخیرہ نہیں ہوتا تھا۔ قریش کے لشکر میں بددلی پھیلنے لگی ۔اپنے لشکر کے جذبے کو یوں ٹھنڈا پڑتے دیکھ کر اس نے یہودیوں کے ایک قبیلے کے سردار کو حُیَیّ بن اخطب کو بلایا جو قریش کی زمین دوز مدد کیلئے لشکر کے قریب ہی کہیں موجود تھا۔ وہ تو اس انتظار میں تھا کہ اہلِ قریش اسے بلائیں اور ا س سے مدد مانگیں۔
مدینہ سے کچھ ہی دور یہودیوں کے ایک قبیلے بنو قریظہ کی بستی تھی۔ اس قبیلے کا سردار کعب بن اسد اس بستی میں رہتا تھا ۔اس رات جب وہ گہری نیندسویا ہوا تھا۔دروازے پر بڑی زورکی دستک سے اس کی آنکھ کھل گئی۔اس نے اپنے غلام کو آواز دے کر کہا: ’’ دیکھو باہر کون ہے؟‘‘
’’حُیَیّ بن اخطب آیا ہے۔‘‘ غلام نے کہا۔
’’رات کے اس وقت وہ اپنے ہی کسی مطلب سے آیا ہوگا۔‘‘ کعب بن اسد نے غصیلی آواز میں کہا: ’’اسے کہو کہ میں اس وقت تمہارا کوئی مطلب پورا نہیں کر سکتا،دن کے وقت آنا۔‘‘
بنو قریظہ یہودیوں کا وہ قبیلہ تھا جس نے مسلمانوں کے ساتھ دوستی کا اور ایک دوسرے کے خلاف جنگ نہ کرنے کا معاہدہ کر رکھا تھا۔ اس معاہدے میں یہودیوں کے دوسرے دو قبیلے۔بنو قینقاع اور بنو نضیر۔ بھی شامل تھے لیکن ان دونوں قبیلوں نے اس معاہدے کی خلاف ورزی کی تھی اور مسلمانوں نے انہیں وہ سزا دی تھی کہ وہ لوگ شام کی طرف بھاگ گئے تھے۔ صرف بنو قریظہ تھا جس نے معاہدے کو برقرار رکھا اور اس کا احترام کیا۔ مسلمان جنگ ِخندق میں اس قبیلے کی طرف سے ذرا سا بھی خطرہ محسوس نہیں کر رہے تھے۔ حُیَیّ بن اخطب بھی یہودی تھا۔ وہ کعب بن اسد کو اپنا ہم مذہب بھائی سمجھ کر اس کے پاس گیا تھا۔وہ کعب بن اسد کو مسلمانوں کے خلاف اکسانا چاہتا تھا اس لیے وہ غلام کے کہنے پر بھی وہاں سے نہ ہٹا۔ کعب بن اسد نے پریشان ہو کر اسے اندر بلا لیا۔
’’میں جانتا ہوں تم اس وقت میرے پاس کیوں آئے ہو؟‘‘ کعب بن اسد نے حُیَیّ سے کہا۔ ’’اگر تم ابو سفیان کے کہنے پر آئے ہو تو اسے کہہ دو کہ ہم نے مسلمانوں کے ساتھ جو معاہدہ کیا ہے اس پر مسلمان پوری دیانتداری سے قائم ہیں۔ وہ ہمیں اپنا حلیف سمجھتے ہیں اور انہوں نے ہمیں پورے حقوق دے رکھے ہیں۔‘‘
’’کعب بن اسد! ہوش میں آ!‘‘ حُیَیّ بن اخطب نے کہا۔’’بنو قینقاع اور بنو نضیر کا انجام دیکھ لے۔مسلمانوں کی شکست مجھے صاف نظر آ رہی ہے خدائے یہودہ کی قسم!دس ہزار کا لشکر مسلمانوں کو کچل ڈالے گا۔پھر یہ مسلمان تم پر ٹوٹ پڑیں گے کہ یہودیوں نے انہیں شکست دلائی ہے۔‘‘
’’تم چاہتے کیا ہو حُیَیّ ؟‘‘ کعب بن اسد نے پوچھا۔
’’قریش کے لشکر کا ایک حصہ پہاڑوں کے پیچھے سے تمہارے پاس پہنچ جائے گا۔‘‘ حُیَیّ نے کہا۔’’تمہاری موجودگی میں یہ سپاہی مسلمانوں پر عقب سے حملہ نہیں کر سکتے۔ تم اپنے قبیلے سمیت قریش سے مل جاؤاور مسلمانوں پر اس طرح سے حملہ کرو کہ تمہیں جم کر نہ لڑنا پڑے، بلکہ ضرب لگا کر پیچھے ہٹ آؤ۔ اس سے قریش کو یہ فائدہ ہو گا کہ مسلمانوں کی توجہ خندق سے ہٹ جائے گی اور قریش کا لشکر خندق کو عبور کرلے گا۔‘‘ ’’اگر میں تمہاری بات مان لوں اور ہمارا حملہ وہ کام نہ کر سکے جو تم چاہتے ہو تو جانتے ہو مسلمان ہمارے ساتھ کیا سلوک کریں گے؟‘‘کعب بن اسد نے کہا: ’’تم مسلمانوں کے قہر و غضب سے واقف ہو۔ کیا بنو قینقاع اور بنو نضیر کا کوئی ایک بھی یہودی تمہیں یہاں نظر آتا ہے۔‘‘
’’ابو سفیان نے سب کچھ سوچ کر تمہیں معاہدے کی دعوت دی ہے۔‘‘ حُیَیّ بن اخطب نے کہا۔’’اگر مسلمانوں کا قہر و غضب تم پر گرنے لگا تو قریش کے لشکر کا ایک حصہ تمہارے قبیلے کی حفاظت کیلئے شیخین اور لاوا کی پہاڑیوں میں موجود رہے گا۔ وہ شب ِ خون مارنے والے تجربہ کارسپاہیوں کالشکر ہو گا جو مسلمانوں کو تمہاری طرف آنکھ اٹھا کر بھی دیکھنے کی مہلت نہیں دیں گے۔‘‘
’’تم مجھے اتنے بڑے خطرے میں ڈال رہے ہو جو میرے پورے قبیلے کو تباہ کر دے گا۔‘‘ کعب بن اسد نے کہا۔
’’تمہارا قبیلہ تباہ ہو یا نہ ہو، اہلِ قریش اتنی قیمت دیں گے جو تم نے کبھی سوچی بھی نہ ہو گی۔‘‘ حُیَیّ نے کہا۔’’یا اپنے تعاون کی قیمت خود بتا دو۔جو کہو گے،جس شکل میں مانگو گے تمہیں قیمت مل جائے گی،اور تمہارے قبیلے کو پورا تحفظ ملے گا۔مسلمان اگلے چند دنوں میں نیست و نابود ہو جائیں گے۔تم اس کا ساتھ دو۔ جو زندہ رہے گا اور جس کے ہاتھ میں طاقت ہو گی۔‘‘
کعب بن اسد آخر یہودی تھا۔اس نے زروجواہرات کے لالچ میں آ کر حیُّ بن اخطب کی بات مان لی۔
’’قریش کا کوئی سپاہی ہماری بستی کے قریب نہ آئے۔‘‘کعب بن اسد نے کہا۔مسلمانوں پر میرا قبیلہ شب خون مارتا رہے گا۔ یہ کام رات کی تاریکی میں کیا جائے گا تاکہ مسلمانوں کو پتہ ہی نہ چل سکے کہ شبخون مارنے والے بنو قریظہ کے آدمی ہیں… اور حُیَیّ۔‘‘ کعب نے ہونٹوں پر ہلکی سی مسکراہٹ لاتے ہوئے کہا۔’’ تم دیکھ رہے ہو کہ میں یہاں اکیلا پڑا ہوں۔ میری راتیں تنہائی میں گزر رہی ہیں۔‘‘
’’آج کی رات تنہا گزارو۔‘‘ حُیَیّ نے کہا۔’’کل تم تنہا نہیں ہو گے۔‘‘
’’مجھے دس دنوں کی مہلت ملنی چاہیے۔‘‘کعب بن اسد نے کہا۔’’مجھے اپنے قبیلے کو تیار کرنا ہے۔‘‘
قریش اور بنو قریظہ کے درمیان معاہدہ ہو گیا۔
سعد بن عتیق معمولی قسم کا ایک جوان تھا جس کی مدینہ میں کوئی حیثیت نہیں تھی۔وہ خنجر اور تلواریں تیز کرنے کا کام کرتا تھا ۔اس میں یہ خوبی تھی کہ خدا نے اسے آواز پر سوز اور سریلی دی تھی اور وہ شہسوار تھا۔راتوں کو کسی محفل میں اس کی آواز سنائی دیتی تھی تو لوگ باہر آ کر اس کا گانا سنا کرتے تھے۔کبھی رات کو وہ شہر سے باہر چلا جاتا اور اپنی ترنگ میں گایا کرتا تھا۔ اس نے اسلام قبول کر لیا تھا۔
ایک رات وہ پُر سوز لَے میں شہر سے دور کہیں گا رہا تھا کہ ایک بڑی خوبصورت اور جوان لڑکی اس کے سامنے یوں آن کھڑی ہوئی جیسے کوئی جن یا چڑیل انسان کے حسین روپ میں آ گئی ہو۔سعد گھبرا کر خاموش ہو گیا۔
’’اس آواز سے مجھے محروم نہ کر جو مجھے گھر سے نکال لائی ہے۔‘‘ لڑکی نے کہا۔’’ مجھے دیکھ کے تو خاموش ہو گیا ہے تو میں دور چلی جاتی ہوں۔ اپنے نغمے کا خون نہ کر۔تیری آواز میں ایسا سوز ہے جیسے تو کسی کے فراق میں نغمہ سرا ہے۔‘‘
’’کون ہے تو؟‘‘سعد نے کہا۔’’ اگر تو جنات میں سے ہے تو بتا دے۔‘‘
لڑکی کی جل ترنگ جیسے ہنسی سنائی دی۔صحرا کی شفاف چاندنی میں اس کی آنکھیں ہیروں کی طرح چمک رہی تھیں۔
’’میں بنو قریظہ کی ایک یہودی کی بیٹی ہوں۔‘‘
’’اور میں مسلمان ہوں۔‘‘
’’مذہب کو درمیان میں نہ لا۔‘‘یہودن نے کہا۔’’نغموں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا۔ میں تیرے لیے نہیں تیرے نغمے اور تیری آواز کیلئے آئی ہوں۔‘‘
سعد دوبارہ اپنی دھن میں گنگنانے لگا۔ایک روز یہودن نے اسے کہا کہ سعد قبول کرے تو وہ اس کے پاس آ جائے گی اور اسلام قبول کرلے گی۔
دو تین روز ہی گزرے تھے کہ مدینہ کا محاصرہ آ گیا۔ سعد بن عتیق کا کام بڑھ گیا ۔اس کے پاس تلواریں خنجر اور برچھیوں کی انّیاں تیز کروانے والوں کا ہجوم رہنے لگا۔ وہ راتوں کو بھی کام کرتا تھا۔
ایک روز یہ یہودن اپنے باپ کی تلوار اٹھائے اس کے پاس آئی۔
’’تلوار تیز کرانے کے بہانے آئی ہوں۔‘‘ یہودن نے کہا۔ ’’آج ہی رات یہاں سے نکلو ورنہ ہم کبھی نہ مل سکیں گے۔‘‘
’’کیا ہو گیا ہے؟‘‘
’’پرسوں شام میرے باپ نے مجھے کہا کہ قبیلے کے سردار کعب بن اسد کو میری ضرورت ہے۔‘‘ یہودن نے بتایا۔ ’’باپ نے حُیَیّ بن خطب کا نام بھی لیا تھا۔ میں کعب کے گھر چلی گئی۔ وہاں حُیَیّ کے علاوہ دو اور آدمی بیٹھے ہوئے تھے ،وہ اس طرح کی باتیں کر رہے تھے کہ مسلمانوں کے آخری دن آ گئے ہیں۔‘‘
کعب بن اسد، حُیَیّ بن اخطب اور قریش کے درمیان اس لڑکی کی موجودگی میں معاہدہ ہوااور مسلمانوں پر عقب سے حملوں کا منصوبہ طے ہوا۔ اس یہودن کو رات بھر کعب کے پا س گزارنی پڑی۔ صبح وہ اپنے گھر آگئی۔ اسے مسلمانوں کے ساتھ کوئی دلچسپی نہ تھی۔ اس کی دلچسپیاں سعد کے ساتھ تھیں۔اس کے کانوں میں یہ بات بھی پڑی تھی کہ کعب اسے بیوی یا داشتہ کی حیثیت سے اپنے پاس رکھ لے گا۔
سعد بن عتیق اس یہودن کی محبت کو تو بھول ہی گیا۔ اس نے یہودن کو گھر بھیج دیا اور ایک بزرگ مسلمان کو بتایا کہ کعب بن اسد نے حُیَیّ کے کہنے پہ قریش کے ساتھ معاہدہ کر لیا ہے۔ اس بزرگ نے یہ اطلاع اوپر پہنچا دی۔ رسولِ اکرمﷺ کو بتایا گیا کہ بنو قریظہ نے بنو قینقاع اور بنو نضیر کی طرح اپنا معاہدہ توڑ دیا ہے۔ آپﷺ نے کعب بن اسد کے خلاف کوئی کارروائی کرنے سے پہلے یہ یقین کر لینا ضروری سمجھا کہ بنو قریظہ نے واقعی قریش کے ساتھ معاہدہ کیا ہے۔
اﷲ اپنے نام لیوا بندوں کی مدد کرتا ہے۔اس کے فوراً بعد ایک ایساواقعہ ہو گیا کہ جس سے تصدیق ہو گئی کہ بنو قریظہ اور قریش کے درمیان بڑا خطرناک معاہدہ ہوا ہے۔
واقعہ یوں ہوا۔ عورتوں اور بچوں کو شہر کے ان مکانوں اورچھوٹے چھوٹے قلعوں میں منتقل کر دیا گیا تھا جو خندق سے دو ر تھے۔ ایک ایسے ہی قلعے میں رسول اکرمﷺ کی پھوپھی صفیہؓ چند ایک عورتوں اور بہت سے بچوں کے ساتھ مقیم تھیں۔ ایک روز صفیہؓ قلعے کی فصیل پر گھوم پھر رہی تھیں کہ انہوں نے نیچے دیکھا۔ایک آدمی دیوار کے ساتھ ساتھ مشکوک سی چال چلتا جارہا تھا۔ وہ کہیں رکتا،دیوار کو دیکھتا اور آگے چل پڑتا۔ صفیہؓ اسے چھپ کر دیکھنے لگیں۔صاف پتا چلتا تھا کہ یہ آدمی قلعہ کے اندر آنے کا کوئی راستہ یا ذریعہ دیکھ رہا ہے۔
صفیہؓ کو اس وجہ سے بھی اس آدمی پر شک ہوا کہ شہر کے تمام آدمی خندق کے قریب مورچہ بند تھے یا جنگ کے کسی اور کام میں مصروف تھے۔اگر یہ کوئی اپنا آدمی ہوتااور کسی کام سے آیا ہوتا تو دروازے پر دستک دیتا۔
قلعے میں عورتوں اور بچوں کے ساتھ صرف ایک مرد تھا۔ یہ تھے عرب کے مشہور شاعر ’’حسان ؓبن ثابت‘‘ صفیہ ؓنے حسان ؓسے کہا کہ نیچے ایک آدمی مشکوک انداز سے دیوار کے ساتھ ساتھ جارہا ہے۔
’’مجھے شک ہے کہ وہ یہودی ہے۔‘‘ صفیہؓ نے حسانؓ سے کہا۔’’تم جانتے ہو حسان! بنو قریظہ نے دوستی کا معاہدہ توڑ دیا ہے۔یہ شخص مجھے یہودیوں کا مخبر معلو ہوتا ہے۔ بنو قریظہ ہم پر عقب سے حملہ کریں گے تاکہ ہمارے مردوں کی توجہ خندق کی طرف سے ہٹ جائے اور وہ پیچھے آ جائیں۔یہودیوں کے پاس ہمارے مردوں کو مورچوں سے نکال کر پیچھے لانے کا یہ طریقہ کارآمد ہو گاکہ وہ ان قلعوں پر حملے شروع کر دیں جن میں عورتیں اور بچے ہیں۔ نیچے جاؤ حسان!اﷲ تمہارا نگہبان ہو،اس شخص کو للکارو۔اگر وہ واقعی یہودی ہو تو اسے قتل کر دو۔خیال رکھنا کہ اس کے ہاتھ میں برچھی ہے اور اس کے چغے کے اندر تلوار بھی ہوگی۔‘‘
’’اے عظیم خاتون!‘‘ حسانؓ شاعر نے کہا۔ ’’کیا آپ نہیں جانتیں کہ میں بیمار ہوں اگر مُجھ میں ذرا سی طاقت بھی ہوتی تو اس وقت میں میدان جنگ میں ہوتا۔‘‘
مؤرخ ابن ہشام اور ابن قتیبہ نے لکھا ہے کہ عرب کے عظیم شاعر کا یہ جواب سن کر رسول ِاکرمﷺ کی پھوپھی صفیہؓ خود اس مشکوک آدمی کو پکڑنے یا مارنے کیلئے چل پڑیں۔ لیکن یہ نہ دیکھاکہ ایک مسلّح مرد کے مقابلے میں جاتے ہوئے ان کے ہاتھ میں کون سا ہتھیار ہے۔وہ جلدی میں جو ہتھیار لے کر گئیں وہ برچھی نہیں تھی،تلوار نہیں تھی،وہ ایک ڈنڈہ تھا۔ صفیہؓ دوڑتی ہوئی باہر نکلیں اور اس مشکوک آدمی کے پیچھے جا رکیں۔ جودیوار کے ساتھ کھڑا اوپر دیکھ رہا تھا۔ ’’کون ہے تو؟‘‘ صفیہؓ انے اسے للکارا۔
مشکوک آدمی نے بدک کر پیچھے دیکھا۔اگر وہ کسی غلط نیت سے نہ آیا ہوتا تو اس کا انداز کچھ اور ہوتا۔مگر اس نے برچھی تان لی۔صفیہؓ نے اس کا چہرہ دیکھا تو کوئی شک نہ رہا وہ یہودی تھااور وہ بنو قریظہ کا ہی ہو سکتا تھا۔اسے یقین تھا کہ ایک عورت ،وہ بھی ایک ڈنڈے سے مسلّح، اس کا کچھ نہیں بگاڑ سکے گی۔
’’تجھ پر خدا کی لعنت!‘‘صفیہؓ نے للکار کر کہا۔’’کیا تو بنو قریظہ کا مخبر نہیں ہے؟‘‘
’’محمد (ﷺ) کی پھوپھی !یہاں سے چلی جا۔‘‘یہودی نے کہا۔’’کیا تو میرے ہاتھوں مرنے آئی ہے۔ہاں میں بنو قریظہ کا آدمی ہوں۔‘‘
’’پھر تو یہاں سے زندہ نہیں جائے گا۔‘‘
یہودی نے قہقہہ لگایا اور بڑھ کر برچھی ماری۔ جس تیزی سے برچھی آئی تھی ،اس سے زیادہ تیزی سے صفیہؓ ایک طرف ہو گئیں۔ یہودی کا وار خالی گیا تو وہ سنبھل نہ سکا۔ وہ آگے کو جھکا اور اپنے بڑھتے ہوئے قدموں کو روک نہ سکا۔ صفیہؓ نے پوری طاقت سے اس کے سر پر ڈنڈا مارا۔  ایک عورت کے بازو میں خدا کا قہر آگیاتھا۔یہودی رُک کر سیدھا ہوا لیکن اس کا سر ڈولنے لگا۔صفیہؓ نے اسے سنبھلنے کا موقع نہ دیا اوراس کے سر پر پہلے سے زیادہ زور سے ڈنڈا مارا۔
اب یہودی کھڑا نہ رہ سکا۔اس کے ہاتھ سے برچھی گری پھر اسکے گھٹنے زمین سے لگے،صفیہؓ نے اس کے سر پر ،جس سے خون بہہ بہہ کر اس کے کپڑوں کو لال کر رہا تھا ایک اور ڈنڈہ مارا ،وہ جب بے ہوش ہو کر لڑھک گیا تو صفیہؓ اس کے سر پر ہی ڈنڈے مارتی چلی گئیں،جیسے زہریلے ناگ کا سر کچل رہی ہوں۔ صفیہؓ نے اس وقت ہاتھ روکا جب یہودی کی کھوپڑی کچلی گئی اور اس کا جسم بے حس ہو گیا۔ صفیہؓ قلعہ میں چلی گئیں۔
’’حسان!‘‘ صفیہؓ نے اپنے شاعر حسان ؓسے کہا۔ ’’میں وہ کام کر آئی ہوں جو تمہیں کرنا تھا ۔اب جاؤ اور اس یہودی کے ہتھیار اٹھالاؤ اور اس کے کپڑوں کے اندر جو کچھ ہے وہ بھی لے آؤ۔میں عورت ہوں کسی مرد کے کپڑوں کے اندر ہاتھ ڈالنا ایک عورت کیلئے مناسب نہیں۔ چاہو تو یہ مالِ غنیمت تم لے سکتے ہو ،مجھے اس کی ضرورت نہیں۔‘‘
’’اﷲ آپ کی عصمت و عفت کی حفاظت کرے!‘‘ حسانؓ نے شاعروں کی مسکراہٹ سے کہا۔ ’’مالِ غنیمت کی ضرورت مجھے بھی نہیں ہے۔‘‘ اور حسان وہاں سے کھسک گیا۔ وہ شاید کہنا یہ چاہتا تھا کہ ’’اس میں اتنی ہمت نہیں کہ کچلی ہوئی کھوپڑی والی لاش کو ہاتھ لگائے۔‘‘
مؤرخین لکھتے ہیں کہ یہ خبر رسولِ کریمﷺ تک پہنچی تو آپﷺ کو پریشانی ہوئی، شہر میں خوراک کی کیفیت یہاں تک پہنچ گئی تھی کہ ہر فرد کو اس کی اصل ضرورت کی صرف ایک چوتھائی خوراک ملتی تھی۔رسولِ کریمﷺ نے خدائے ذوالجلال سے مدد مانگی اور کوئی حکمت عملی سوچنے لگے۔
ادھر خندق کا محاذ سر گرم تھا۔ خالد کو اپنی اس وقت کی بے چینی اور بے تابی اچھی طرح یاد تھی ۔وہ خندق کے ساتھ ساتھ گھوڑا دوڑاتا اور کہیں سے خندق عبور کرنے کے طریقے سوچتا تھا۔ وہ مرد ِمیدان تھا لڑے بغیر واپس جانے کو اپنی توہین سمجھتا تھا۔مگر وہاں لڑائی اس نوعیت کی ہو رہی تھی کہ قریش کے تیر انداز خاصی تعداد میں خندق کے اس مقام پر قریب آتے جہاں مسلمان مورچہ بند تھے۔یہ سلع کی پہاڑی تھی ۔تیر انداز مسلمانوں پر تیر برساتے۔ مسلمان جوابی تیر اندازی کرتے۔کبھی قریش کاکوئی تیر انداز جیش کسی اور جگہ گشتی سنتریوں پر تیر چلاتا مگر مسلمانوں کا جیش فوراً پہنچ جاتا۔ رات کو مسلمان خندق پر سنتریوں کی تعدداد میں اضافہ کردیتے تھے اور قریش خندق سے دور پیچھے خیمہ گاہ میں چلے جاتے تھے۔
رسولِ کریمﷺ کو جہاں مدینہ میں خوراک کی قلت کا جو قحط کی صورت اختیار کرتی جا رہی تھی احساس تھا،وہاں آپ ﷺکو یہ بھی معلوم تھا کہ قریش کا لشکر بھی نیم فاقہ کشی پر آگیا ہے۔ یہ وہ کیفیت ہوتی ہے جو انسانوں کو ایک دوسرے کی شرائط ماننے پر اور معاہدوں اور سمجھوتوں پر مجبور کر دیتی ہے۔
کسی بھی تاریخ میں اس شخص کا نام نہیں لکھا جسے رسولِ کریمﷺ نے خفیہ طریقے سے قریش کے اتحادی غطفان کے سالار عینیہ کے پاس اس مقصد کیلئے بھیجا کہ اسے قریش کی دوستی ترک کرنے پر آمادہ کرے۔اسے یہ نہیں کہا گیا تھا کہ وہ مسلمانوں کے ساتھ مل جائے۔رسولِ کریمﷺ کا مقصد صرف یہ تھا کہ غطفان اور عینیہ رضا مند ہو جائیں اور اپنے قبیلے کو واپس لے جائیں تو قریش کا لشکر دو ہزار نفری کی فوج سے محروم ہو جائے گا۔ یہ توقع بھی کی جا سکتی تھی کہ دوسرے قبائل بھی غطفان کی تقلید میں قریش کے لشکر سے نکل جائیں گے۔
’’کیا محمد (ﷺ) ہمیں زبانی معاہدے کی دعوت دے رہا ہے؟‘‘ سالار عینیہ نے رسول خداﷺ کے ایلچی سے کہا۔ ’’ہم نے یہاں تک آنے کا جو خرچ برداشت کیا ہے وہ کون دے گا؟‘‘
’’ہم دیں گے۔‘‘ رسولِ خداﷺ کے ایلچی نے کہا۔ ’’نبی کریمﷺ نے فرمایا ہے کہ ’’تم لوگ اپنے قبیلے کو واپس لے جاؤ تو اس سال مدینہ میں کھجور کی جتنی پیداوار ہو گی اس کا تیسرا حصہ تم لے جانا۔ خود مدینہ آجانا۔ پوری پیداوار دیکھ لینا اور اپنا حصہ اپنے ہاتھوں الگ کر کے لے جانا۔‘‘
سالار عینیہ میدانِ جنگ میں لڑنے اور لڑانے والوں کی قیادت کرنے والا جنگجو تھا۔لیکن غیر جنگی مسائل اور امور کو بہت کم سمجھتا تھا۔مؤرخ ابنِ قتیبہ نے لکھا ہے کہ اس واقع کے کچھ ہی عرصہ بعد رسول اﷲﷺ نے اسے ’’مستعد احمق‘‘ کا خطاب دیا تھا۔وہ بڑے طاقت ور جسم والا اور جسمانی لحاظ سے پھرتیلا اور مستعد رہنے والا آدمی تھا۔ اس نے اپنے سردارغطفان سے بات کی۔
’’خدا کی قسم! محمد (ﷺ) نے ہمیں کمزور سمجھ کر یہ پیغام بھیجا ہے۔‘‘ غطفان نے کہا۔’’اس کے ایلچی سے پوچھو کہ مدینہ کے اندر لوگوں کو بھوک کا سامنا نہیں؟ ہم انہیں بھوک سے نڈھال کر کے ماریں گے۔‘‘
’’کیا تم دیکھ نہیں رہے کہ ہمارا اپنا لشکر بھوک سے نڈھال ہو رہا ہے ؟‘‘سالار عینیہ نے کہا۔’’مدینہ والے اپنے گھروں میں بیٹھے ہیں ہم اپنے گھر سے بہت دور آگئے ہیں۔ کیا لشکر میں تم بے اطمینانی نہیں دیکھ رہے؟کیا تم نے دیکھا نہیں کہ ہماری کمانوں سے نکلے ہوئے تیر اب اتنی دور نہیں جاتے جتنی دور اس وقت جاتے تھے جب تیر اندازوں کو پیٹ بھر کر کھانا ملتا تھا۔ان کے بازوؤں میں کمانیں کھینچنے کی طاقت نہیں رہی ۔‘‘
’’کیا اس کا فیصلہ تم کرو گے کہ ہمیں محمد (ﷺ) کو کیا جواب دینا چاہیے؟‘‘غطفان نے پوچھا۔’’یا میں فیصلہ کروں گا جوقبیلے کا سردار ہوں۔‘‘
’’خدا کی قسم! میدانِ جنگ میں جو فیصلہ میں کر سکتا ہوں وہ تم نہیں کر سکتے۔‘‘ سالار عینیہ نے کہا۔ ’’اور میدانِ جنگ سے باہر جو فیصلہ تم کر سکتے ہو وہ فیصلہ میری عقل نہیں کر سکتی۔میری عقل تلوار کے ساتھ چلتی ہے۔مگر یہاں میری فوج کی تلواریں اور برچھیاں اور ہمارے تیر مایوس ہو گئے ہیں۔ ہم خندق کے پار نہیں جا سکتے ۔ہمیں محمد (ﷺ) کی بات مان لینی چاہیے۔‘‘
اور انہوں نے رسولِ کریمﷺ کی بات مان لی۔ایلچی امید افزا جواب لے کر آ گیا۔ اسے قریش کا کوئی آدمی نہیں دیکھ سکا تھا کیونکہ غطفان کی فوج محاصرے کے کسی اور مقام پر تھی۔
…………bnb…………
ہر قسط کے آخر میں اپنی قیمتی آراء سے مستفید فرمائیں۔

1 comment:

Post Top Ad

Your Ad Spot

Pages