Featured Post

Khalid001

24 May 2019

Khalid023


شمشیر بے نیام

سیدنا خالد بن ولیدؓ کی حیات پر عنایت اللہ التمش کے قلم سے لا زوال تحریر

قسط نمبر:  23
اس نے کچھ دور جا کر پیچھے دیکھا۔ اسے ابو جریج کا قافلہ نظر نہ آیا۔خالدنشیبی جگہ سے نکل کر دور چلا گیا تھا۔اس نے گھوڑے کی رفتار کم کردی۔اسے ایسے لگا جیسے آوازیں اس کا تعاقب کر رہی ہوں۔ ’’محمد جادوگر… محمد کے جادو میں طاقت ہے۔‘‘
’’نہیں …نہیں۔‘‘ اس نے سر جھٹک کر اپنے آپ سے کہا۔ ’’لوگ جس چیز کو سمجھ نہیں سکتے اسے جادو کہہ دیتے ہیں اور جس آدمی کا سامنا نہیں کر سکتے اسے جادوگر سمجھنے لگتے ہیں۔ پھر بھی … کچھ نہ کچھ راز ضرور ہے۔‘‘
محمد (ﷺ) میں کوئی بات ضرور ہے۔‘‘ ذہن اسے چند دن پیچھے لے گیا۔ ابو سفیان نے اسے ،عکرمہ اور صفوان کو بلا کر بتایا تھا کہ مسلمان مکہ پر حملہ کرنے آ رہے ہیں۔ ابو سفیان کو یہ اطلاع دو شتر سواروں نے دی تھی جنہوں نے مسلمانوں کے لشکر کو مکہ آتے دیکھا تھا۔خالد اپنی پسند کے تین سو گھڑ سواروں کو ساتھ لے کر مسلمانوں کو راستے میں گھات لگا کر روکنے کیلئے چل پڑا تھا۔ وہ اپنے اس جانباز دستے کو سر پٹ دوڑاتا لے جا رہا تھا۔اس کے سامنے تیس میل کی مسافت تھی۔ اسے بتایا گیا تھا کہ مسلمان کراع الغیمم سے ابھی دور ہیں۔ خالد اس کوشش میں تھا کہ مسلمانوں سے پہلے کراع اکغیمم پہنچ جائے۔
مکہ سے تیس میل دور کراع الغیمم ایک پہاڑی سلسلہ تھا جو گھات کیلئے موزوں تھا۔اگر مسلمان پہلے وہاں پہنچ جاتے تو خالد کیلئے جنگی حالات دشوار ہو جاتے۔
اس نے راستے میں صرف دو جگہ دستے کو روکااور گھوڑوں کو سستانے کا موقع دیا۔اس نے دو جگہوں پر اپنے گھوڑ سواروں کو اپنے سامنے کھڑ اکر کے کہا۔ ’’یہ ہمارے لیے کڑی آزمائش ہے۔ اپنے قبیلے کی عظمت کے محافظ صرف ہم ہیں۔ آج ہمیں عزیٰ اور ہبل کی لاج رکھنی ہے۔ ہمیں اپنی شکست کا انتقام لینا ہے۔ اگر ہم مسلمانوں کو کراع الغیمم کے اندر ہی روک کر انہیں تباہ نہ کر سکے تو مکہ پر مسلمانوں کا قبضہ ہو گا۔ ہماری بہنیں اور بیٹیاں ان کی لونڈیاں ہوں گی اور ہمارے بچے ان کے غلام ہوں گے۔ عزیٰ اور ہبل کے نام پر حلف اٹھاؤ کہ ہم قریش اور مکہ کی آن اور وقار پر جانیں قربان کر دیں گے۔‘‘
تین سوگھوڑ سواروں نے نعرے لگائے۔ ’’ہم عزیٰ اور ہبل کے نام پر مر مٹیں گے … ایک بھی مسلمان زندہ نہیں جائے گا … کراع الغیمم کی وادی میں مسلمانوں کا خون بہے گا … محمد کو زندہ مکہ لے جائیں گے … مسلمانوں کی کھوپڑیاں مکہ لے جائیں گے … کاٹ دیں گے … تباہ کر کے رکھ دیں گے۔‘‘
خالد کا سینہ پھیل گیا تھا اور سر اونچا ہو گیا تھا۔اس نے گھات کیلئے بڑی اچھی جگہ کا انتخاب کیا تھا۔ اس نے نہایت کارگر جنگی چالیں سوچ لی تھیں۔ وہ اپنے ساتھ صرف سوار دستہ اس لیے لایا تھا کہ وہ مسلمانوں کو بکھیر کر اور گھوڑے دوڑا دوڑا کر لڑنا چاہتا تھا۔ مسلمانوں کی زیادہ تعداد پیادہ تھی۔ خالد کو یقین تھا کہ وہ تین سو سواروں سے ایک ہزار چار سو مسلمانوں کو گھوڑوں تلے روند ڈالے گا، اسے اپنے جنگی فہم و فراست پر اس قدر بھروسہ تھا کہ اس نے تیر انداز دستے کو اپنے ساتھ لانے کی ضرورت ہی نہیں سمجھی تھی۔ حالانکہ پہاڑی علاقے میں تیر اندازوں کو بلندیوں پر بٹھا دیا جاتا تو وہ نیچے گزرتے ہوئے مسلمانوں کو چن چن کر مارتے۔
…………bnb…………

آگے جاکر خالد نے دستے کو ذرا سی دیر کیلئے روکا تو ایک بار پھر اس نے اپنے سواروں کے جذبے کو بھڑکایا۔ اسے ان سواروں کی شجاعت پر پورا اعتماد تھا۔
مسلمان ابھی دور تھے۔خالد نے شتر بانوں کے بہروپ میں اپنے تین چار آدمی آگے بھیج دیئے تھے جو مسلمانوں کی رفتار کی اور دیگر کوائف کی اطلاعیں دے رہے تھے۔وہ باری باری پیچھے آتے اور بتاتے تھے کہ مسلمان کراع الغیمم سے کتنی دور رہ گئے ہیں۔ خالد ان اطلاعوں کے مطابق اپنے دستے کی رفتار بڑھاتا جا رہا تھا۔ مسلمان رسول کریمﷺ کی قیادت میں معمولی رفتار سے اس پھندے کی طرف چلے آ رہے تھے جو ان کیلئے خالد کراع الغیمم میں بچھانے جا رہا تھا۔
خالد اس اطلاع کو نہیں سمجھ سکا تھا کہ مسلمان اپنے ساتھ بہت سے دنبے اور بکرے لا رہے ہیں۔اسے اس سوال کا جواب نہیں مل رہا تھا کہ وہ مکہ پر حملہ کرنے آ رہے ہیں تو دنبے اور بکرے کیوں ساتھ لا رہے ہیں؟
’’انہیں ڈر ہو گا کہ محاصرہ طول پکڑ گیا تو خوراک کم ہو جائے گی۔‘‘ خالد کے ایک ساتھی نے خیال ظاہر کیا۔ ’’اس صورت میں وہ ان جانوروں کاگوشت کھائیں گے۔ اس کے سواان جانوروں کا اور کیا استعمال ہو سکتا ہے!‘‘
’’بے چاروں کو معلوم ہی نہیں کہ مکہ تک وہ پہنچ ہی نہیں سکیں گے۔‘‘خالد نے کہا ۔’’ان کے دنبے اور بکرے ہم کھائیں گے۔‘‘
…………bnb…………

مسلمان ابھی کراع الغیمم سے پندرہ میل دور عسفان کے مقام پر تھے کہ خالد اس سلسلۂ کوہ میں داخل ہو گیا۔ اس نے اپنے دستے کو پہاڑیوں کے دامن میں ایک دوسرے سے دور دور رکنے کو کہا اور خود گھات کی موزوں جگہ دیکھنے کیلئے آگے چلا گیا۔وہ درّے تک گیا۔یہی رستہ تھا جہاں سے قافلے اور دستے گزرا کرتے تھے۔وہ یہاں سے پہلے بھی گزرا تھا لیکن اس نے اس درّے کو اس نگاہ سے کبھی نہیں دیکھا تھا جس نگاہ سے آج دیکھ رہا تھا۔
اس نے اس درّے کو دائیں بائیں والی بلندیوں پر جا کر دیکھا۔ نیچے آیا۔ چٹانوں کے پیچھے گیا،اور گھوڑوں کو چھپانے کی ایسی جگہوں کو دیکھا جہاں سے وہ اشارہ ملتے ہی فوراً نکل آئیں اور مسلمانوں پر بے خبری میں ٹوٹ پڑیں۔
وہ مارچ 628ء کے آخری دن تھے۔موسم ابھی سرد تھا مگر خالد کااور اسکے گھوڑے کاپسینہ بہہ رہا تھا۔اس نے گھات کا علاقہ منتخب کرلیا،اور اپنے دستے کو کئی حصوں میں تقسیم کرکے گھوڑوں کو درّے کے علاقے میں چھپا دیا۔اب اس نے اپنے ان آدمیوں کوجو مسلمانوں کی پیش قدمی کی اطلاعیں لاتے تھے ،اپنے پاس روک لیا، کیونکہ خدشہ تھا کہ مسلمان ان کی اصلیت معلوم کر لیں گے۔مسلمان قریب آ گئے تھے۔ رات کو انہوں نے پڑاؤ کیا تھا۔
…………bnb…………

اگلی صبح جب نمازِ فجر کے بعد مسلمان کوچ کی تیاری کر رہے تھے۔ ایک آدمی رسول اﷲﷺ کے پاس آیا۔
’’تمہاری حالت بتا رہی ہے کہ تم دوڑتے ہوئے آئے ہو۔‘‘ رسول اﷲﷺ نے کہا۔ ’’اور تم کوئی اچھی خبر بھی نہیں لائے۔‘‘
’’یا رسول اﷲﷺ! ‘‘مدینہ کے اس مسلمان نے کہا۔ ’’خبر اچھی نہیں اور اتنی بری بھی نہیں۔ مکہ والوں کی نیت ٹھیک نہیں۔ میں کل سے کراع الغیمم کی پہاڑیوں میں گھوم پھر رہا ہوں، خدا کی قسم!مجھے وہ نہیں دیکھ سکے جنہیں میں دیکھ آیا ہوں۔ میں نے ان کی تمام نقل و حرکت دیکھی ہے۔‘‘
’’کون ہیں وہ؟‘‘
’’اہلِ قریش کے سوا اور کون ہو سکتا ہے؟‘‘ اس نے جواب دیا۔’’وہ سب گھڑ سوار ہیں اور درّے کے ارد گرد کی چٹانوں میں چھپ گئے ہیں۔‘‘
’’تعداد؟‘‘
’’تین اور چار سوکے درمیان ہے۔‘‘ رسولِ کریمﷺ کے اس جاسوس نے کہا۔ ’’میں نے اگر صحیح پہچانا ہے تو وہ خالد بن ولید ہے جس کی بھاگ دوڑ کو میں سارا دن چھپ چھپ کے دیکھتا رہا ہوں۔میں اتنی قریب چلا گیا تھا کہ وہ مجھے دیکھتے تو قتل کر دیتے۔ خالد نے اپنے سواروں کودرّے کے ارد گرد پھیلا کر چھپا دیا ہے۔ کیا یہ غلط ہو گا کہ وہ گھات میں بیٹھ گئے ہیں؟‘‘
’’مکہ والوں کو ہمارے آنے کی اطلاع ملی تو وہ سمجھے ہوں گے کہ ہم مکہ کا محاصرہ کرنے آئے ہیں۔‘‘ صحابہ کرامؓ میں سے کسی نے کہا۔’’قسم خدا کی! جس کے ہاتھ میں ہم سب کی جان ہے۔‘‘ رسولِ اکرمﷺ نے فرمایا۔’’اہلِ قریش مجھے لڑائی کیلئے للکاریں گے تو بھی میں نہیں لڑوں گا۔ ہم جس ارادے سے آئے ہیں اس ارادے کو بدلیں گے نہیں۔ ہماری نیت مکہ میں جاکر عمرہ کرنے کی ہے اور ہم یہ دنبے اور بکرے قربانی کرنے کیلئے ساتھ لائے ہیں۔ میں اپنی نیت میں تبدیلی کرکے خدائے ذوالجلال کو ناراض نہیں کروں گا۔ ہم خون خرابہ کرنے نہیں عمرہ کرنے آئے ہیں۔‘‘
’’یا رسول اﷲﷺ!‘‘ ایک صحابیؓ نے پوچھا۔’’وہ درّے میں ہمیں روکیں گے تو کیا ہم پر اپنے دشمن کا خون خرابہ جائز نہیں ہو گا؟‘‘
صحابہ کرامؓ رسولِ خداﷺ کے ارد گرد اکھٹے ہو گئے۔ اس صورتِ حال سے بچ کر نکلنے کے طریقو ں پر اور راستوں پر بحث و مباحثہ ہوا۔رسولِ کریمﷺ اچھے مشورے کو دھیان سے سنتے اور اس کے مطابق حکم صادر فرماتے تھے۔
آخر رسولِ خداﷺ نے حکم صادر فرمایا۔آپﷺ نے بیس گھوڑ سوار منتخب کیے اور انہیں ان ہدایات کے ساتھ آگے بھیج دیا کہ وہ کراع الغیمم تک چلے جائیں لیکن درّے میں داخل نہ ہوں ۔وہ خالد کے دستے کا جائزہ لیتے رہیں اور یہ دستہ ان پر حملہ کرے تو یوں لڑیں کہ پیچھے کو ہٹتے آئیں اور بکھر کر رہیں۔تاثر یہ دیں کہ یہ مدینہ والوں کا ہراول جَیش ہے۔
ان بیس سواروں کو دعاؤں کے ساتھ روانہ کرکے باقی اہلِ مدینہ کا راستہ آپﷺ نے بدل دیا۔آپﷺ نے جو راستہ اختیار کیا وہ بہت ہی دشوار گزار تھااور لمبا بھی تھا۔ لیکن آپﷺ لڑائی سے بچنے کی کوشش کر رہے تھے۔ایک مشکل یہ بھی تھی کہ اہلِ مدینہ میں کوئی ایک آدمی بھی نہ تھا جو اس راستے سے واقف ہوتا۔
یہ ایک اور درّہ تھا جو مثنیہ المرار کہلاتا تھا۔اسے ذات الحنظل بھی کہتے تھے۔رسولِ کریمﷺ اپنے ساتھیوں کے ساتھ اس درّے میں داخل ہو گئے اور سلسلۂ کوہ کے ایسے راستے سے گزرے جہاں سے کوئی نہیں گزرا کرتا تھا۔وہ راستہ کسی کے گزرنے کے قابل تھا ہی نہیں۔
…………bnb…………

خالد کی نظریں مسلمانوں کے ہراول دستے پر لگی ہوئی تھیں۔لیکن ہراول کے یہ بیس سوار رک گئے تھے۔ کبھی ان کے دو تین سوار درّے تک آتے اور اِدھر اُدھر دیکھ کر واپس چلے جاتے۔اگروہ بیس کے بیس سوار درّے میں آ بھی جاتے تو خالد انہیں گزر جانے دیتا کیونکہ اس کا اصل شکار تو پیچھے آ رہا تھا۔ ان بیس سواروں پر حملہ کرکے وہ اپنی گھات کو بے نقاب نہیں کرنا چاہتا تھا۔
یہ کوئی پرانا واقعہ نہیں تھا۔ چند دن پہلے کی بات تھی۔ خالد پریشان ہو رہا تھا کہ مسلمانوں کا لشکر ابھی تک نظر نہیں آیا، کیااس نے کوچ ملتوی کر دیا ہے یا اسے گھات کی خبر ہو گئی ہے؟ اس نے اپنے ایک شتر سوار سے کہا کہ وہ اپنے بہروپ میں جائے اور دیکھے کہ مسلمان کہاں ہیں اور کیا کر رہے ہیں؟
اس دوران بیس مسلمان سواروں نے اپنی نقل و حرکت جاری رکھی ،ایک دو مرتبہ وہ درّے تک آئے اورذرا رک کر واپس چلے گئے۔ ایک دو مرتبہ وہ پہاڑیوں میں کسی اور طرف سے داخل ہوئے۔ خالد چھپ چھپ کر اُدھر آگیا۔ وہ سوار وہاں سے بھی واپس چلے گئے۔اس طرح انہوں نے خالد کی توجہ اپنے اوپر لگائے رکھی۔خالد کے سوار اشارے کے انتظار میں گھات میں چھپے رہے۔
سورج غروب ہو چکا تھا جب خالد کا شتر سوار جاسوس واپس آیا۔
’’وہ وہاں نہیں ہیں۔‘‘جاسوس نے خالدکو بتایا۔
’’کیا تمہاری آنکھیں اب انسانوں کو نہیں دیکھ سکتیں؟‘‘خالد نے طنزیہ لہجے میں پوچھا۔
’’صرف ان انسانوں کو دیکھ سکتی ہیں جوموجود ہوں۔‘‘شتر سوار نے کہا۔’’جو نہیں ہیں وہ نہیں ہیں۔ وہ کوچ کر گئے ہیں۔کدھر گئے ہیں ؟میں نہیں بتا سکتا۔‘‘
خالد اور زیادہ پریشان ہو گیا۔صحرا کی شام گہری ہو گئی تو اس نے محسوس کیا کہ مسلمانوں کے ہراول کے سوار بھی وہاں نہیں ہیں۔ اسے ان کے کسی گھوڑے کے ہنہنانے کی آواز سنائی نہیں دے رہی تھی۔
…………bnb…………

صبح طلوع ہوئی تو خالد نے اسی درّے سے نکل کے دیکھا۔بیس سوار غائب تھے۔اسے اپنی ناکامی کا احساس ہونے لگا۔اس کے ارادے اور اس کے جنگی منصوبے خاک میں ملتے نظر آئے۔اس نے سوچا کہ وہ خود عسفان تک چلا جائے لیکن پہچانے جانے کے ڈر سے رکا رہا۔اس نے دو تین آدمی اونچی پہاڑیوں پر بھیج دیئے کہ وہ ہر طرف نظر رکھیں۔
دن آدھا گزر گیا تھا۔اسے کوئی اطلاع نہ ملی۔مسلمانوں کے ہراول کے بیس سواربھی نظر نہ آئے۔اسے توقع تھی کہ وہ آئیں گے۔دوپہر کے لگ بھگ اس کا ایک سوار گھوڑا سر پٹ دوڑتا اس کے پاس آ کر رکا۔
’’میرے ساتھ چلو۔‘‘سوار نے تیز تیز بولتے ہوئے کہا۔’’جو میں نے دیکھا ہے وہ تم بھی دیکھو۔‘‘
’’کیا دیکھاہے تم نے؟‘‘
’’گَرد۔‘‘ سوار نے کہا۔’’خدا کی قسم! وہ گرد کسی قافلے کی نہیں ہو سکتی۔کیا ایسا نہیں ہو سکتا کہ وہ مسلمانوں کا لشکر ہو؟‘‘
خالد نے گھوڑے کو ایڑلگائی اور مکہ کی سمت پہاڑی علاقے سے نکل گیا۔اسے زمین سے گرد کے بادل اٹھتے دکھائی دیئے۔
’’خدا کی قسم! ‘‘خالد نے کہا۔ ’’قبیلۂ قریش میں کوئی ایسا نہیں جو محمد (ﷺ) جیسا دانشمند ہو۔وہ میری گھات سے نکل گیا ہے۔‘‘
مسلمان رسول اﷲﷺ کی قیادت میں کراع الغمیم کی دوسری طرف سے مکہ کی طرف نکل گئے تھے۔ رات کو ان کے بیس سوار بھی دور کے راستے سے ان کے پیچھے گئے اور ان سے جا ملے تھے۔ خالد نے گھوڑا موڑا اور ایڑ لگائی۔ وہ کراع الغمیم کے اندر چِلّاتا اور گھوڑے کو سر پٹ دوڑاتا پھر رہا تھا۔
’’باہر آجاؤ۔مدینہ والے مکہ کو چلے گئے ہیں۔تمام سوار سامنے آؤ۔‘‘
تھوڑی سی دیر میں اس کے تین سو گھڑ سوار اس کے پاس آ گئے۔
’’وہ ہمیں دھوکا دے گئے ہیں۔‘‘ خالد نے اپنے سواروں سے کہا۔’’تم نہیں مانو گے۔وہ گزر گئے ہیں۔گزرنے کا کوئی دوسرا رستہ نہیں ہے۔ہمیں اب زندگی اور موت کی دوڑ لگانی پڑے گی۔سست ہو جاؤ گے تو وہ مکہ کا محاصرہ کر لیں گے وہ بازی جیت جائیں گے۔‘‘
آج مدینہ کے رستہ پر جب مدینہ قریب رہ گیا تھا۔خالد کو یاد آ رہا تھا کہ اسے مکہ پر مسلمانوں کے قبضے کا ڈر تو تھا لیکن وہ رسولِ کریمﷺ کی اس چال پر عش عش کر اٹھا تھا۔ وہ خود فن ِ حرب و ضرب اور عسکری چالوں کا ماہر اور دلدادہ تھا۔ وہ سمجھ گیا کہ رسول اﷲﷺ نے اپنے ہراول کے بیس سوار دھوکا دینے کیلئے بھیجے تھے۔ سواروں نے اسے کامیابی سے دھوکا دیا۔ اس کی توجہ کو گرفتار کیے رکھا اور مسلمان دوسری طرف سے نکل گئے۔
’’یہ جادو نہیں۔‘‘ خالد نے اپنے آپ سے کہا۔ ’’اگر اپنے قبیلے کی سرداری مجھے مل جائے تو جادو کے یہ کرتب میں بھی دِکھا سکتا ہوں۔‘‘
یہ صحیح تھا کہ اس کے باپ نے اسے ایسی عسکری تعلیم و تربیت دی تھی کہ وہ میدانِ جنگ کا جادوگر کہلا سکتا تھا مگر اس کے اوپر ایک سردار تھا۔ ابو سفیان۔ وہ قبیلے کا سالارِ اعلیٰ بھی تھا۔ اس کے ماتحت خالداپنی کوئی چال نہیں چل سکتا تھا۔ اپنی اس مجبوری نے اس کے دل میں ابو سفیان کی نفرت پیدا کر دی تھی۔ اسے چند دن پہلے کا یہ واقعہ یاد آ رہا تھا۔ ایک ہزار چار سو مسلمان اس کی گھات کو دھوکا دے کر مکہ کی طرف نکل گئے تھے۔ اس نے یہ سوچا ہی نہیں کہ تین سو سواروں سے مسلمانوں پر عقب سے حملہ کر دے۔ اسے احساس تھا کہ جو مسلمان قلیل تعداد میں کثیر تعداد کے دشمن کو شکست دے سکتے ہیں انہیں تین سو سواروں سے شکست نہیں دی جا سکتی کیونکہ وہ کثیر تعداد میں ہیں۔
اسے مکہ ہاتھ سے جاتا نظر آنے لگاتھااور اسے یہ خفّت بھی محسوس ہونے لگی تھی کہ اس کی گھات کی ناکامی پر ابو سفیان اسے طعنہ دے گااور ہنسی اڑائے گا۔ پھر اسے قریش کی شکست اور مکہ کے سقوط کا مجرم کہا جائے گا۔
اس نے اپنے سواروں کو ایک رستہ سمجھا کر کہا کہ مسلمانوں سے پہلے مکہ پہنچنا ہے۔ یہ دور کا رستہ تھالیکن وہ مسلمانوں کی نظروں سے بچنے کی کوشش کر رہا تھا۔ اس کے تین سو سواروں نے گھوڑوں کو ایڑیں لگا دیں۔ رستہ لمبا ہونے کی وجہ سے تین میل کا فاصلہ ڈیڑھ گنا ہو گیا تھا جسے خالد رفتار سے کم کرنے کے جتن کر رہا تھا۔
عربی نسل کے اعلیٰ گھوڑے شام سے بہت پہلے مکہ پہنچ گئے۔وہاں مسلمانوں کی ابھی ہوا بھی نہیں پہنچی تھی۔مکہ کے لوگ گھوڑوں کے شور روغل پر گھروں سے نکل آئے۔ابو سفیان بھی باہر آ گیا۔
’’کیا تمہاری گھات کامیاب رہی؟‘‘ابو سفیان نے پوچھا۔
’’وہ گھات میں آئے ہی نہیں۔‘‘ خالد نے گھوڑے سے کود کر اترتے ہوئے کہا۔ ’’کیا تم مکہ کے ارد گرد ایسی خندق کھُدوا سکتے ہو جیسی محمد (ﷺ) نے مدینہ کے اردگرد کھُدوائی تھی؟‘‘
’’وہ کہاں ہیں؟‘‘ابو سفیان نے گھبرائی ہوئی آواز میں پوچھا۔’’کیایہ بہتر نہیں ہو گا کہ مجھے ان کی کچھ خبر دو۔‘‘
’’جتنی دیر میں تم خبر سنتے اور سوچتے ہو، اتنی دیر میں وہ مکہ کو محاصرہ میں لے لیں گے۔‘‘ خالد نے کہا۔ ’’ہبل اور عزیٰ کی عظمت کی قسم!وہ پہاڑوں اور چٹانوں کو روندتے آ رہے ہیں۔ اگر وہ کراع الغمیم میں سے کسی اور رستہ سے گزرے ہیں تو وہ انسان نہیں۔ کوئی پیادہ وہاں سے اتنی تیزی سے نہیں گزرسکتا جتنی تیزی سے وہ گزر آئے ہیں۔‘‘
’’خالد!‘‘ ابو سفیان نے کہا۔ ’’ذرا ٹھنڈے ہوکر سوچو۔خداکی قسم!گھبراہٹ سے تمہاری آواز کانپ رہی ہے۔‘‘
’’ابو سفیان!‘‘ خالدنے جل کر کہا۔ ’’تم میں صرف یہ خوبی ہے کہ تم میرے قبیلے کے سردار ہو۔ میں تمہیں یہ بتا رہا ہوں کہ ان کیلئے مکہ کی اینٹ سے اینٹ بجا دینا کوئی مشکل نہیں۔‘‘ خالد نے دیکھا کہ اس کے دو ساتھی سالار عکرمہ اور صفوان قریب ہی کھڑے تھے۔ خالد نے ان سے کہا۔ ’’آج بھول جاؤ کہ تمہارا سردار کون ہے۔ صرف یہ یاد رکھو کہ مکہ پر طوفان آ رہا ہے۔ اپنی آن کو بچاؤ، یہاں کھڑے ایک دوسرے کا منہ نہ دیکھو۔ اپنے شہر کو بچاؤ،اپنے دیوتاؤں کو بچاؤ۔‘‘
…………bnb…………
ہر قسط کے آخر میں اپنی قیمتی آراء سے مستفید فرمائیں۔

1 comment:

Post Top Ad

Your Ad Spot

Pages