Featured Post

Khalid001

11 October 2019

Khalid090


شمشیر بے نیام

سیدنا خالد بن ولیدؓ کی حیات پر عنایت اللہ التمش کے قلم سے لا زوال تحریر

قسط نمبر:  90
زیادہ تر مؤرخین ، خصوصاً طبری نے یہ واقعہ بیان کیا ہے کہ خالدؓ نے ۱۲ ہجری کا حج کس طرح کیا ۔ان حالات میں کہ ان کی ٹکر فارس کی شہنشاہی سے تھی اور انہوں نے روم کی شہنشاہی کے اندر جاکر حملہ کیا تھا ، یہ خطرہ ہر لمحہ موجود تھا کہ یہ دونوں بادشاہیاں مل کر حملہ کریں گی۔ اس خطرے کے پیشِ نظر خالدؓوہاں سے غیر حاضر نہیں ہو سکتے تھے، لیکن حج کا عزم اتناپکا اور خواہش اتنی شدید تھی کہ اسے وہ دبا نہ سکے۔
پہلے سنایا جاچکا ہے کہ لشکرفراض سے حیرہ کو کوچ کر رہا تھا۔خالدؓنے لشکر کو تین حصوں میں تقسیم کیا۔ایک حصہ ہراول تھا۔دوسرا اس کے پیچھے اور تیسرا حصہ عقب میں تھا۔خالدؓ نے خاص طور پر اعلان کرایا کہ وہ عقب کے ساتھ ہوں گے۔لشکر کو حیرہ تک پہنچنے کی کوئی جلدی نہیں تھی۔تیز کوچ اس صورت میں کیا جاتا تھا جب کہیں حملہ کرنا ہوتا یا جب اطلاع ملتی تھی کہ فلاں جگہ دشمن حملے کی تیاری کر رہاہے۔ اب ایسی صورت نہیں تھی۔
لشکر کے کوچ کی رفتار تیز نہ کرنے کی ایک وجہ تو یہ تھی کہ یہ کوچ میدانِ جنگ کی طرف نہیں بلکہ اپنے مفتوحہ شہر کی طرف ہو رہا تھا۔دوسری وجہ یہ تھی کہ مجاہدین متواتر لڑائیاں لڑتے اور پیش قدمی کرتے رہے تھے۔ان کے جسم شل ہو چکے تھے ۔خالدؓ نے کوچ معمولی رفتارسے کرنے کا حکم ایک اور وجہ سے بھی دیا تھا۔ اس وجہ کا تین سالاروں اور خالدؓ کے چند ایک ساتھیوں کے سوا کسی کو علم نہ تھا۔
وہ وجہ یہ تھی کہ خالدؓ کو کوچ کے دوران لشکر کے عقبی حصے سے کھسک جاناتھا،اور اک گمنام راستے سے مکہ کو روانہ ہونا تھا۔لشکر ۳۱ جنوری ۶۳۴ء کے روز چل پڑا۔ تاریخ میں اس مقام کا پتا نہیں ملتا جہاں لشکر نے پہلا پڑاؤ کیا تھا۔رات کو جب لشکر گہری نیند سو گیا تو خالدؓاپنے چند ایک ساتھیوں کے ساتھ خیمہ گاہ سے نکلے اور غائب ہو گئے۔ کسی بھی مؤرخ نے ان کے ساتھیوں کے نام نہیں لکھے جو ان کے ساتھ حج کرنے گئے تھے۔
خالدؓ اور ان کے ساتھی اونٹوں پر سوار تھے ، جس علاقے میں سے انہیں گزرنا تھا۔ وہاں سے صرف اونٹ گزر سکتا تھا۔ گھوڑا بھی جواب دے جاتا تھا۔ صحراؤں میں بعض علاقے بے حد دشوار گزار ہوتے تھے۔ مسافر ادھرسے گزرنے کی جرات نہیں کرتے تھے۔ صحرائی قزاق اور بڑے پیمانے پر رہزنی کرنے والے انہی علاقوں میں رہتے تھے اور لوٹ مار کا مال وہیں رکھتے تھے۔ ان میں کچھ علاقے ایسے خوفناک تھے کہ قزاق اور رہزن بھی ان میں داخل ہونے کی جرأت نہیں کرتے تھے۔ اس دور میں صحرا کے جس علاقے کو دشوار گزار اور خطرناک کہنا ہوتا تھا تو کہا جاتا تھا کہ وہاں تو ڈاکو اور رہزن بھی نہیں جاتے۔
خالدؓ نے مکہ تک جلدی پہنچنے کا جو راستہ اختیار کیا تھا وہ ایسا ہی تھا جہاں ڈاکو اور رہزن بھی نہیں جاتے تھے۔ اتنے خطرناک اور وسیع علاقے سے زندہ گزر جانا ہی ایک کارنامہ تھا لیکن خالدؓ دنوں کی مسافت منٹوں میں طے کرنے کی کوشش میں تھے۔ انہیں صرف یہ سہولت حاصل تھی کہ موسم سردیوں کا تھا لیکن سینکڑوں میلوں تک پانی کا نام و نشان نہ تھا۔
اس علاقے میں ایک اور خطرہ ریت اور مٹی کے ان ٹیلوں کا تھا جن کی شکلیں عجیب و غریب تھیں۔ یہ کئی کئی میل وسیع نشیب میں کھڑے تھے۔ بعض چٹانوں کی طرح چوڑے تھے۔ بعض گول اور بعض ستونوں کی طرح اوپر کو اٹھے ہوئے تھے۔ ایسے نشیب بھول بھلیوں کی طرح تھے۔ ان میں بھٹک جانے کا خطرہ زیادہ تھا۔ گھوم پھر کر انسان وہیں کا وہیں رہتا تھا اور سمجھتا تھا کہ وہ بہت سا فاصلہ طے کر آیا ہے۔ حتٰی کہ وہ ایک جگہ ہی چلتا، اور مڑتا تھک کر چور ہو جاتا تھا۔ پانی پی پی کر پانی کا ذخیرہ بھی وہیں ختم ہو جاتا تھا۔ اس دور کی تحریروں سے پتا چلتا ہے کہ صحرا کے اس حصے کی صعوبتیں، دشواریاں اور وہاں کے خطرے ایسے تھے جو دیکھے بغیر انسان کے تصور میں نہیں آسکتے۔ کئی جگہوں پر اونٹ یوں بدک گئے جیسے انہوں نے کوئی ایسی چیز دیکھ لی ہو جو انسانوں کو نظر نہیں آسکتی تھی۔ اونٹ صحرائی جانور ہونے کی وجہ سے اس پانی کی بُو بھی پالیتا ہے جو زمین کے نیچے ہوتا ہے،کہیں چشمہ ہو جو نظر نہ آتا ہو۔ اونٹ اپنے آپ اس طرف چل پڑتا ہے ،اونٹ خطروں کو بھی دور سے سونگھ لیتا ہے۔
خالدؓ کے مختصر سے قافلے کے اونٹ کئی جگہوں پر بِدکے۔ ان کے سواروں نے اِدھر اُدھر اور نیچے دیکھا مگر انہیں کچھ بھی نظر نہ آیا۔ زیادہ خطرہ صحرائی سانپ کا تھا جو ڈیڑھ یا زیادہ سے زیادہ دو بالشت کا ہوتا ہے۔ یہ دنیا کے دوسرے ملکوں کے سانپوں کی طرح آگے کو نہیں رینگتا بلکہ پہلو کی طرف رینگتا ہے، انسان یا جانور کو ڈس لے تو دوچار منٹوں میں موت واقع ہو جاتی ہے، صحرائی بچھو اس سانپ کی طرح زہریلا ہوتا ہے۔
ایک مؤرخ یعقوبی نے خالدؓکے اس سفر کو بیان کرتے ہوئے حیرت کا اظہار کیا ہے۔اس نے اپنے دور کے کسی عالم کا حوالہ دے کر لکھا ہے کہ ایک معجزے وہ تھے جو خدا نے پیغمبروں کو دکھائے، اور خالدؓ کا یہ سفر ان معجزوں میں سے تھا جو انسان اپنی خداداد قوتوں سے کر دکھایا کرتے ہیں۔
…………bnb…………

خالدؓ اپنے ساتھیوں سمیت بروقت مکہ پہنچ گئے۔ انہیں اس خبر نے پریشان کر دیا کہ خلیفۃ المسلمین ابو بکر صدیقؓ بھی فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے آئے ہوئے ہیں۔ خالدؓنے سنت کے مطابق اپنا سر استرے سے منڈوا دیا۔ انہوں نے اپنے ساتھیوں سے کہا کہ وہ اپنے چہرے چھپا کر رکھیں تاکہ انہیں کوئی پہچان نہ سکے۔
فریضہ حج ادا کرکے خالدؓ نے بڑی تیزی سے پانی اور دیگر زادِ راہ اکٹھا کیا اور واپسی کے سفر کو روانہ ہو گئے۔یوں کہناغلط نہ ہوگا کہ وہ ایک بار پھر موت کی وادی میں داخل ہو گئے۔
تمام مؤرخ متفقہ طور پر لکھتے ہیں کہ خالدؓ اس وقت حیرہ پہنچے جب فراض سے چلا ہوا ان کا لشکر حیرہ میں داخل ہو رہا تھا۔ لشکر کا عقبی حصہ جس کے ساتھ خالدؓ کو ہونا چاہیے تھا، وہ ابھی حیرہ سے کچھ دور تھا۔ خالدؓ خاموشی سے عقبی حصے سے جا ملے اور حیرہ میں اس انداز سے داخل ہوئے جیسے وہ فراض سے آرہے ہوں۔
مؤرخوں نے لکھا ہے کہ لشکر نے جب دیکھا کہ ان کے سالارِ اعلیٰ خالدؓ اور چند اور افراد کے سر استرے سے صاف کیے ہوئے ہیں تو لشکر میں چہ میگوئیاں ہونے لگیں لیکن سر منڈوانا کوئی عجیب چیز نہیں تھی۔ اگر لشکر کو خالدؓ خود بھی بتاتے کہ وہ حج کرکے آئے ہیں توکوئی بھی یقین نہ کرتا۔
مشہور مؤرخ طبری نے لکھا ہے کہ خالدؓ مطمئن تھے کہ انہیں مکہ میں کسی نے نہیں پہچانا۔ چار مہینے گزر گئے۔ کسریٰ کے خلاف جنگی کارروائیاں ختم ہو چکی تھیں۔ عراق کا بہت سا علاقہ کسریٰ سے چھین کر سلطنتِ اسلامیہ میں شامل کر لیا گیا تھا۔ کسریٰ کی جنگی طاقت کا دم خم توڑ دیا گیا تھا۔ آتش پرست فارسیوں کی دھونس اوردھاندلی ختم ہو چکی تھی۔ یہ خطرہ اگر ہمیشہ کیلئے نہیں تو بڑی لمبی مدت کیلئے ختم ہوگیا تھاکہ فارس کی جنگی طاقت حملہ کرکے مسلمانوں کو کچل ڈالے گی۔ فارس آتش پرستوں کے نامور جرنیل قارن، ہرمز، بہمن جاذویہ، اندرزغر، روزبہ، اور زرمہر اور دوسرے جن کی جنگی اہلیت اور دہشت مشہور تھی۔ خالدؓ اور ان کے مجاہدین کے ہاتھوں مختلف معرکوں میں مارے گئے تھے۔ ان جیسے جرنیل پیدا کرنے کیلئے بڑی لمبی مدت درکار تھی۔ اب تو پورے عراق میں اور مدائن کے محلات کے اندر بھی ان مسلمانوں کی دھاک بیٹھ گئی تھی جنہیں انہی محلات میں عرب کے بدو اور ڈاکو کہا گیا تھا۔ سب سے بڑی فتح تو یہ تھی کہ اسلام نے اپنی عظمت کا احساس دلادیا تھا۔
خالدؓ نے حیرہ میں چار مہینے گزار کر اپنے لشکر کو آرام کرنے کی مہلت دی اور اس خیال سے جنگی تربیت بھی جاری رکھی کہ مجاہدین ِ لشکر سست نہ ہو جائیں۔ اس کے علاوہ خالدؓنے مفتوحہ علاقوں کا نظم و نسق اور محصولات کی وصولی کا نظام بھی بہتر بنایا۔
…………bnb…………

مئی ۶۳۴ء کے آخری ہفتے میں خالدؓ کو امیر المومنین ابو بکر ؓ کا خط ملا جس کا پہلا فقرہ خالدؓ کے حج کے متعلق تھا جس کے متعلق خالدؓ مطمئن تھے کہ امیر المومنینؓ اس سے بے خبر ہیں۔ خط میں خالدؓ کے حج کا اشارہ کرکے صرف اتنا لکھا تھا۔ … ’’آئندہ ایسا نہ کرنا۔‘‘ … باقی خط کا متن یہ تھا:
’’بسم اﷲ الرحمٰن الرحیم۔ عتیق بن ابو قحافہ کی طرف سے خالد بن ولید کے نام۔ (یاد رہے کہ امیر المومنین اوّل ابو بکر صدیقؓ کہلاتے تھے لیکن انکا نام عبداﷲ بن ابی قحافہ تھا اور عتیق ان کا لقب تھا جو انہیں رسولِ کریم ﷺ نے عطا فرمایا تھا۔) السلام و علیکم۔ تعریف اﷲکیلئے جس کے سوا کوئی معبود نہیں۔ درود و سلام محمد الرسول اﷲ (ﷺ) پر …
حیرہ سے کوچ کرو اور شام (سلطنت روما) میں اس جگہ پہنچو جہاں اسلامی لشکر جمع ہے۔ لشکر اچھی حالت میں نہیں، مشکل میں ہے۔ میں اس تمام لشکر کا جو تم اپنے ساتھ لے جاؤ گے اور اس لشکر کا جس کی مدد کو تم جا رہے ہو، سپہ سالار مقررکرتا ہوں۔ رومیوں پر حملہ کرو۔ ابو عبیدہ اور اس کے ساتھ کے تمام سالار تمہارے ماتحت ہوں گے…
… ابوسلیمان! (خالدکا دوسرا نام) پختہ عزم لے کر پیش قدمی کرو۔ اﷲکی حمایت اور مدد سے اس مہم کو پورا کرو۔ اپنے لشکر کو جو اس وقت تمہارے پاس ہے، دو حصوں میں کردو۔ ایک حصہ مثنیٰ بن حارثہ کے سپرد کر جاؤ۔ عراق (سلطنت فارس کے مفتوحہ علاقوں کا) سپہ سالار مثنیٰ بن حارثہ ہو گا۔ لشکر کا دوسرا حصہ اپنے ساتھ لے جاؤ۔ اﷲتمہیں فتح عطا فرمائے۔ اس کے بعد یہیں واپس آجانا اور اس علاقے کے سپہ سالار تم ہو گے …
تکبر نہ کرنا، تکبر اور غرور تمہیں دھوکہ دیں گے۔ اور تم اﷲکے راستے سے بھٹک جاؤ گے  ۔کوتاہی نہ ہو۔ رحمت و کرم اﷲکے ہاتھ میں ہے، اور نیک اعمال کا صلہ اﷲہی دیا کرتا ہے۔‘‘
خط پڑھتے ہی خالدؓ نے اپنے سالاروں کو بلایا اور کچھ کھسیانا سا ہوکے انہیں بتایا کہ ان کے خفیہ حج کا امیر المومنینؓ کو پتا چل گیا ہے۔
’’اور میں خوش ہوں اس پر کہ فراغت ختم ہو گئی ہے۔‘‘ … خالدؓ نے کہا۔ … ’’ہم شام جا رہے ہیں۔‘‘
خالدؓ تو جیسے میدانِ جنگ کیلئے پیدا ہوئے تھے۔قلعے اور شہر میں بیٹھنا انہیں پسند نہ تھا۔ انہوں نے سالاروں کو خط پڑھ کر سنایا اور تیاری کا حکم دیا۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے لشکرکو دوحصوں میں تقسیم کیا۔ مؤرخوں نے لکھا ہے کہ خالدؓ نے تمام صحابہ کرامؓ کو اپنے ساتھ رکھا۔ صحابہ کرامؓ کو لشکر میں عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا تھا۔
’’ولید کے بیٹے!‘‘ … مثنیٰ بن حارثہ نے کہا۔ … ’’خدا کی قسم!میں اس تقسیم پر راضی نہیں ہوں جو تو نے کی ہے۔ تو رسول اﷲﷺ کے تمام ساتھیوں کو اپنے ساتھ لے جا رہا ہے۔ صحابہ کرام کو بھی صحیح تقسیم کر۔ آدھے صحابہ کرام تیرے ساتھ جائیں گے، آدھے میرے ساتھ رہیں گے۔ کیا تو نہیں جانتا کہ انہی کی بدولت اﷲہمیں فتح عطا کرتا ہے۔‘‘
خالدؓ نے مسکرا کر صحابہ کرامؓ کی تقسیم مثنیٰ بن حارثہ کی خواہش کے مطابق کردی اور اپنے لشکر کے سالاروں کو حکم دیاکہ جتنی جلدی ممکن ہو تیاری مکمل کریں۔
’’اور یہ نہ بھولناکہ ہم اپنے ان بھائیوں کی مدد کو جا رہے ہیں جو وہاں مشکل میں پھنسے ہوئے ہیں۔‘‘ … خالدؓ نے کہا۔ … ’’ضائع کرنے کیلئے ہمارے پاس ایک سانس جتنا وقت بھی نہیں۔‘‘
…………bnb…………

مسلمانوں کا وہ لشکر جو شام میں جاکر مشکل میں پھنس گیا تھا، وہ ایک سالار کی جلد بازی کا اور حالات کو قبل از وقت نہ سمجھ سکنے کا نتیجہ تھا۔ اس نے شام کے اندر جاکر رومیوں پر حملہ کرنے کی اجازت امیر المومنینؓ سے اس طرح مانگی کہ جس طرح وہ خود آگے کے احوال و کوائف کو نہیں سمجھ سکا تھا، اسی طرح اس نے امیر المومنینؓ کو بھی گمراہ کیا۔ امیرالمومنین ابو بکر صدیقؓ دانشمند انسان تھے۔انہوں نے اس سالار کو حملہ کرنے کی کھلی چھٹی نہ دی بلکہ یہ لکھا:
’’… رومیوں سے ٹکر لینے کی خواہش میرے دل میں بھی ہے۔ اور یہ ہماری دفاعی ضرورت بھی ہے۔ رومیوں کی جنگی طاقت کو اتنا کمزور کردینا ضروری ہے کہ وہ سلطنت اسلامیہ کی طرف دیکھنے کی جرات نہ کر سکیں لیکن ابھی ہم ان سے ٹکر نہیں لے سکتے۔ تم ان کے خلاف بڑے پیمانے کی جنگ نہ کرنا، محتاط ہو کر آگے بڑھنا تاکہ خطرہ زیادہ ہو تو پیچھے بھی ہٹ سکو، تم یہ جائزہ لینے کیلئے حملہ کرو کہ رومیوں کی فوج کس طرح لڑتی ہے اور اس کے سالار کیسے ہیں۔‘‘
امیر المومنینؓ نے صاف الفاظ میں لکھا کہ اپنے لشکر کو ایسی صورت میں نہ ڈال دینا کہ پسپائی اختیار کرو اور تمہیں اپنے علاقے میں آکر بھی پناہ نہ ملے۔
اس سالار کا نام بھی خالد تھا ، خالد بن سعید۔ لیکن میدانِ جنگ میں وہ خالدؓ بن ولید کی گَردِ پا کو بھی نہیں پہنچ سکتا تھا۔ اسے جن دستوں کا سالار بنایا گیا تھا وہ سرحدی فرائض انجام دینے والے دستے تھے۔ ان میں لڑنے کی اہلیت تھی اور ان میں لڑنے کا جذبہ بھی تھا لیکن انہیں جنگ کا ویسا تجربہ نہ تھا جیسا خالدؓ بن ولید کے دستوں نے حاصل کر لیا تھا۔ امیرالمومنینؓ نے خالد بن سعید کو اپنی سرحدوں پر پہرہ دینے کیلئے بھیجا تھا۔ان دستوں کا ہیڈ کوارٹر تیما کے مقام پر بنایا گیا تھا۔
بعض مؤرخوں نے لکھا کہ خالدؓ کی پے در پے کامیابیاں دیکھ دیکھ کر خالدبن سعید کو خیال آیا کہ خالدؓ نے فارس کو شکستیں دی ہیں تو وہ رومیوں کو ایسی ہی شکستیں دے کر خالدؓ کی طرح نام پیدا کرے۔ ابنِ ہشام اور ایک یورپی مؤرخ ہنری سمتھ نے یہ بھی لکھا ہے کہ خلیفۃ المسلمینؓ خالد بن سعید کی قیادت اور صلاحیتوں سے واقف تھے اسی لیے انہوں نے اس سالار کو بڑی جنگوں سے دور رکھا تھا لیکن وہ اس کی باتوں میں آگئے۔
خالدؓ نے بھی فراض کے مقام پر رومیوں سے ٹکرلی تھی، لیکن سرحد پر معرکہ لڑا تھا، انہوں نے آگے جانے کی غلطی نہیں کی تھی، خالد بن سعید نے امیرالمومنینؓ کا جواب ملتے ہی اپنے دستوں کو کوچ کا حکم دیا اور شام کی سرحد میں داخل ہو گئے۔ اس وقت شام میں ہرقل رومی حکمران تھا۔ اسے جنگوں کا بہت تجربہ تھا، رومیوں کی اپنی جنگی تاریخ اور روایات تھیں، وہ اپنی فوج کو انہی کے مطابق ٹریننگ دیتے تھے۔
یہ تقریباً انہی دنوں کا واقعہ ہے جب خالدؓ فراض کے مقام پر رومیوں ، فارسیوں اور عیسائیوں کے متحدہ لشکر کے خلاف لڑے اورانہیں شکست دی تھی۔ اس سے رومی محتاط، مستعد اور چوکس ہو گئے تھے۔ انہوں نے اپنی فوج کو ہر لمحہ تیار رہنے کا حکم دے رکھا تھا۔
خالد بن سعید نے آگے کے احوال و کوائف معلوم نہ کیے، کوئی جاسوس آگے نہ بھیجا، اوراندھا دھند بڑھتے گئے۔ آگے رومی فوج کی کچھ نفری خیمہ زن تھی۔ خالد بن سعید نے دائیں بائیں دیکھے بغیر اس پر حملہ کردیا۔ رومیوں کا سالار باہان تھا، جو جنگی چالوں کے لحاظ سے خالدؓ بن ولید کے ہم پلّہ تھا۔ خالد بن سعید نہ سمجھ سکا کہ رومیوں کی جس نفری پر اس نے حملہ کیا ہے، اس کی حیثیت جال میں دانے کی ہے، وہ انہی میں اُلجھ گیا۔
تھوڑی ہی دیر بعد اسے پتا چلا کہ اس کے اپنے دستے رومیوں کے گھیرے میں آگئے ہیں اور عقب سے رومی ان پر ہلّہ بولنے کیلئے بڑھے آرہے ہیں۔ خالد بن سعید کیلئے اپنے دستوں کو بچانا ناممکن ہو گیا۔ اس نے یہ حرکت کی کہ اپنے محافظوں کو ساتھ لے کر میدانِ جنگ سے بھاگ گیا اور اپنے دستوں کو رومیوں کے رحم و کرم پر چھوڑ گیا۔
مسلمانوں کے ان دستوں میں مشہور جنگجو عکرمہؓ بن ابو جہل بھی تھے۔ اس ابتر صورتِ حال میں انہوں نے اپنے ہراساں دستوں کی کمان لے لی، اور ایسی چالیں چلیں کہ اپنے دستوں کو تباہی سے بچا لائے، جانی نقصان تو ہوا اور زخمیوں کی تعداد بھی خاصی تھی۔ خالدبن سعید کے بھاگ جانے سے تمام دستوں کے جنگی قیدی بننے کے حالات پیدا ہو گئے تھے، عکرمہؓ نے مسلمانوں کو اس ذلت سے بچالیا۔
مدینہ اطلاع پہنچی تو خلیفۃ المسلمینؓ نے خالدبن سعید کو معزول کرکے مدینہ بلالیا۔ خلیفۃ المسلمینؓ کے غصے کا یہ عالم تھا کہ انہوں نے خالد بن سعید کو بھری محفل میں بزدل اور نالائق کہا۔ خالد بن سعید خاموشی کی زندگی گزارنے لگا۔ اس سے زیادہ اور افسردہ آدمی اور کون ہو سکتا تھا۔ آخر خدا نے اس کی سن لی، بہت عرصے بعد جب مسلمانوں نے شام کو میدانِ جنگ بنالیا تھا۔ خالد بن سعید کو وہاں ایک دستے کے ساتھ جانے کی اجازت مل گئی۔ اس نے اپنے نام سے شکست کا داغ یوں دھویا کہ بے جگری سے لڑتا ہوا شہید ہو گیا۔
…………bnb…………
ہر قسط کے آخر میں اپنی قیمتی آراء سے مستفید فرمائیں۔

No comments:

Post a Comment

Post Top Ad

Your Ad Spot

Pages